مرکزی کابینہ کا اجلاس:کھادوں پر سبسڈی اور گہرے سمندر مشن کو منظوری

نئی دہلی//حکومت نے بدھ کے روز سنہ 2021-22 کے لیے نائیٹروجن، فاسفورس اور پوٹاس پر سبسڈی دیے جانے کی تجویز کو منظوری دے دی۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی مالی امور کی کمیٹی نے محکمہ کھاد کے تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ محکمہ کھاد نے تجویز دی تھی کہ سنہ 2021-22 (موجودہ موسم تک) کے لیے پی-اینڈ کے کھادوں پر غذائی اجزاء پر مبنی سبسڈی طے کر دی جائے ۔ نائیٹروجن پر فی کلو 18 روپیے سے زیادہ، فاسفورس پر 45 روپیے سے زیادہ اور پوٹاش پر 10 روپیے سے زیادہ کی سبسڈی دی گئی ہے ۔ پی-اینڈ-کے کھادوں پر سبسڈی این بی ایس اسکیم کی بنیاد پر دی جا رہی ہے جو یکم اپریل 2010 سے مؤثر ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی اُمور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے گہرے سمندر میں وسائل کاپتہ لگانے اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کیلئے گہرے سمندر ٹیکنالوجیوں کو تیار کرنے کے مقصد سے گہرے سمندر مشن پر ارضیاتی سائنسز کی وزارت (ایم او ای ایس) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔اس مشن کو مرحلے وار طریقے سے لاگو کرنے کیلئے 5 برس کی مدت کی تخمینہ لاگت 4077 کروڑ روپئے ہوگی۔