یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی کابینہ نے مرکزی حکومت کے تحت شروع کی گئی فاسٹ ٹریک خصوصی عدالت کی اسکیم کے کام کی میعاد میں تین سال تک توسیع کو منظوری دی ہے ۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے بدھ کے روز یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ خصوصی عدالتیں 31 مارچ 2026 تک کام کریں گی۔ اس کے لیے مرکزی حکومت 1952.23 کروڑ روپے اور ریاستی حکومتیں 1207.24 کروڑ روپے دے گی۔ مرکزی حکومت کا حصہ نربھیا فنڈ سے دیا جاتا ہے ۔ یہ اسکیم 2 اکتوبر 2019 کو شروع کی گئی تھی۔ یہ خصوصی عدالتیں لڑکیوں اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات سے متعلق مقدمات کی سماعت میں لگنے والے طویل وقت کے پیش نظر تشکیل دی گئیں۔ مرکزی کابینہ نے 1261 کروڑ روپے کے التزام والی خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو ڈرون فراہم کرنے کی مرکزی اسکیم کو منظوری دے دی ہے ۔یہ اسکیم سال 2024-25 سے سال 2025-26 تک موثر رہے گی۔ اس اسکیم کا مقصد 15 ہزار منتخب خواتین کو ڈرون فراہم کرنا ہے تاکہ سال 2023-24 سے سال 2025-2026 تک زرعی مقاصد کے لیے کسانوں کو خدمات فراہم کی جاسکیں۔ اس اسکیم کو زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت، دیہی ترقی کی وزارت، کھادوں کی وزارت، خواتین کے سیلف سروس گروپس اور بڑی کھاد کمپنیوں کے وسائل اور کوششوں سے نافذ کیا جائے گا۔ ڈرون کی قیمت کا 80 فیصد اور لوازمات اور معاون فیس، زیادہ سے زیادہ 8 لاکھ روپے تک خواتین کے گروپ کو دیئے جائیں گے ۔مرکزی کابینہ میٹنگ نے 24,104 کروڑ روپے (مرکزی حصہ: 15,336 کروڑ روپے اور ریاستی حصہ: 8,768 کروڑ روپے ) کے ساتھ پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیا ئے مہا ابھیان (پی ایم جنم) کو منظوری دیدی ۔ اس کے تحت متعلقہ وزارتوں کے ذریعے 11 اہم شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے قبائلی یوم افتخار کے موقع پر جھارکنڈ کے کھونٹی سے اس مہم کا اعلان کیا تھا۔پردھان منتری PVTG وکاس مشن خاص طور پر کمزور قبائلی گروپوں (PVTGs) کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا جائے گا۔ اس بارے میں بجٹ تقریر 2023-24 میں اعلان کیا گیا تھا۔ یہ محفوظ رہائش، پینے کا صاف پانی اور صفائی، تعلیم تک بہتر رسائی، صحت اور غذائیت، سڑک اور ٹیلی کام کنیکٹیویٹی اور PVTG خاندانوں اور بستیوں کو پائیدار معاش جیسی بنیادی سہولیات کے مواقع فراہم کرے گا۔