مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا بارہمولہ کا دورہ

نیوز ڈیسک
بارہمولہ//مرکزی حکومت کے خصوصی رسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مختلف ترقیاتی پیرا میٹرز کا جائیزہ لینے کیلئے وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کو ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں میٹنگ کی صدارت کی اور اسپائیریشنل ڈسٹرکٹ پروگرام ( اے ڈی پی ) کے تحت کئے جا رہے کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ مرکزی وزیر مملکت نے گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیکلٹی اور طلباء سے بات چیت کی اور ترقیاتی کاموں کا بھی جائیزہ لیا ۔ میٹنگ کے دوران بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنے شہریوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور سب کیلئے جامع ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پابند عہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی ترقیاتی معیشت میں مکمل طور پر حصہ لینے کیلئے لوگوں کی صلاحیت کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ پی ایم فصل بیمہ یوجنا ، الیکٹرانک نیشنل ایگریکلچر مارکیٹ ، ہر پنچایت میں بھارت نیٹ کی سہولت ، مالی شمولیت جیسے شعبے اے ڈی پی کے تحت حل کئے جانے والے کچھ پہلو ہوں گے ۔ پروگرام کے طریقہ کار پر غور و خوض کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اضلاع کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ پہلے اپنی ریاست کے اندر بہترین ضلع کا انتخاب کریں اور اس کے بعد دوسروں سے مقابلہ کر کے اور ان سے سیکھ کر ملک کے بہترین ضلعوں میں سے ایک بننے کی خواہش کریں ۔دریں اثنا میٹنگ میں مجموعی پیش رفت کی راہ میں رکاوٹ بننے والے مختلف مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جن کے بروقت حل کیلئے وزیر نے یقین دلایا ۔