مرکزی وزیر مملکت پنچائتی راج کا پونچھ کا دو روزہ دورہ اختتام پذیر

پونچھ//اپنے دورے کے دوسرے دن مرکزی حکومت کے عوامی آوٹ ریچ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے پنچائتی راج کپل مہیشور پاٹل نے جموں و کشمیر این پی ایس ملازمین یونائیٹڈ فرنٹ ڈسٹرکٹ پونچھ سمیت کئی عوامی وفود سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر متعدد عوامی مسائل وزیر کے نوٹس میں لائے گئے ہیں ۔ وزیر نے نمائندوں کو یقین دلایا کہ وہ اپنی سفارشات کے ساتھ مطالبات کا چارٹر یو ٹی انتظامیہ کو جلد از جلد حل کرنے کیلئے پیش کریں گے ۔ بعد میں مسٹر کپل مہیشور پاٹل نے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مختلف سٹالوں کا معائینہ کیا ۔ یہاں ڈاک بنگلہ پونچھ میں ایک میگا پبلک تقریب کی سدارت کرتے ہوئے جس میں چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل تاجم اختر ، ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور ، کمشنر پونچھ اندر جیت ، ڈائریکٹر پنچائتی راج راکیش سرنگل ، ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار ، چئیر مین میونسپل کونسلز ، مختلف یوتھ کلبوں سے آئے نوجوانوں اور بڑے پیمانے پر عام لوگوں نے شرکت کی ، ایم او ایس نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم جموں و کشمیر کی مجموعی فلاح و بہبود کے بارے میں بہت زیادہ فکر مند ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کو پی ایم کے دل میں خاص مقام حاصل ہے اور وہ یو ٹی کے ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے بہت شوقین ہیں ۔ وزیر نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے کہ مرکز کے سرکاری پروگراموں کے فوائد بغیر کسی امتیاز کے معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں اور انتظامی سیٹ اپ میں احتساب اور شفافیت کے ساتھ فلاحی پروگراموں کی ترسیل کے نظام کو زیادہ موثر بنائیں ۔ پی آر آئیز سے اپنے خطاب میں وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار تین درجے پنچائتی راج ادارہ قائم کیا گیا ہے اور جموں و کشمیر تین درجے کے ڈھانچے کے قیام کے ساتھ مربوط اور مساوی ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے ۔ دیہی علاقوں میں صحت کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور پانی کی کمی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ 15 ایف سی کے تحت لبرل فنڈنگ جل شکتی ڈیپارٹمنٹ اور سواستھ وباگ کو دی گئی ہے لیکن وقت کی ضرورت ہے کہ دستیاب وسائل کو عوام کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے ۔