مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 8مئی کو جموں وارد ہونگے

نیوز ڈیسک
جموں//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 8مئی کو جموں کے دورے پر وارد ہو رہے ہیں جہاں وہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے بے گھر لوگوں کے ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ جموں و کشمیر پیپلز فورم کی جانب سے ‘POJK سنکلپ ریلی’ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو دوبارہ بھارت میں ضم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ یہ سنکلپ ریلی جموں شہر میں منعقد کی جائے گیاور اس کی بڑی تقریب 8مئی کو جموں میںہونی والی ہے ۔ اس تقریب میں جموں و کشمیر پیپلز فورم نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو مہمان خصوصی کے طور پر دعوت دی ہے جس کے چلتے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 8مئی کو جموں کے دورے پر وارد ہو رہے ہیں ۔ امیت شاہ کے دورے کے شیڈول کا ابھی تک سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ذرائع کے مطابق امیت شاہ کے دورے جموں کے پیش نظر تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔خیال رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 24 اپریل کو جموں کا دورہ کریں گے اور جموں کے سانبہ ضلع کے پلی گاؤں سے ملک بھر کے پنچایتی راج کے نمائندوں سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ جموں و کشمیر کے صنعتی پیکیج میں توسیع کا بھی اعلان کر سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ جموں کشمیر میں نئے صنعت کاروں کو اراضی کے دستاویزات بھی سونپیں گے۔ وزیر اعظم کے دورے کے تقریباً پندرہ دن بعد امیت شاہ کا پروگرام تیار کیا جا رہا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں قبائلی حملے کے بعد مظفرآباد، کوٹلی اور میرپور کے علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہو کر جموں اور گردونواح میں آباد ہو گئے تھے۔ان مقامات کی آبادی 8 لاکھ سے زیادہ ہے۔ کچھ عرصہ قبل مرکزی حکومت نے ان خاندانوں کی بحالی کے لیے فی خاندان 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا تھا۔