مرکزی وزیرپیوش گوئیل کا دورۂ پہلگام | پنچایتی نمائندوں اور صنعت کاروں کے وفد کیساتھ ملاقات

اننت ناگ//مرکزی وزیر ٹیکسٹائل ، صنعت و حرفت اور امورِ صارفین ،خوراک اور عوامی تقسیم کاری پیو ش گوئیل نے آج پہلگام کا دورہ کیا۔ مرکزی وزیر نے مختلف محکموں کے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا ۔ مختلف محکموں کی جانب سے جس میںاینمل ہسبنڈری ، ڈسٹرکٹ اِنڈسٹریز ،آئی سی ڈی ایس ، سوشل ویلفیئر ، ہارٹیکلچر ، شیپ ہسبنڈری ، ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹس ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں ، سٹال لگائے گئے تھے۔اِس موقعہ پر یونین ڈیولپمنٹ کمشنر شانت منو،پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت رنجن پی ٹھاکر ، کمشنر سیکرٹری ایف سی ایس اینڈ سی اے زبیر احمد ، ڈی ڈی سی چیئرمین اننت ناگ ، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ اور ضلعی اِنتظامیہ کے دیگر اَفسران موجود تھے۔مرکزی وزیر پیوش گوئیل نے سٹالوں پر اَفسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سٹالوں پر ڈسپلے مختلف مصنوعات کی مختصر تفصیل حاصل کی۔ اُنہوں نے اِن مصنوعات کی پیداوار کے حوالے سے بھی اِستفسار کیا ۔ اُنہوں نے ان مصنوعات کوفروغ دینے پر زور دیا جو کہ جموںوکشمیر یوٹی کی برآمدی صلاحیت میں اِضافہ کرسکیں۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مقامی اَنٹرپرینیوروں اور کاریگروں کو پیداوار بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔مرکزی وزیر نے ’’ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو ‘‘ سکیم کے تحت نوازائیدہ بچیوں میں بے بی کٹس بھی تقسیم کیں۔’’ لاڈلی بیٹی ‘‘ سکیم کے تحت مستحقین میں گرانٹ تقسیم کی گئی ۔ اُنہوں نے دودھ وین خریدنے کے لئے مستحقین میں منظور ی نامے تقسیم کئے ۔ محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے جسمانی طور مخصوص اَفراد میں ٹرائی سائیکل بھی تقسیم کی گئیں۔مرکز ی وزیر نے حال ہی میں منتخب پی آر آئی کے ارکان کے وفود سے ملاقات کی۔وفود نے مرکزی وزیر کو منصوبہ بندی اور عمل در آمد کے عمل میں ان کی فعال شرکت سے آگاہ کیا۔ وفد نے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی فیصلوں میں اُنہیں شامل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔مرکزی وزیر پیوش گوئیل نے پی آر آئی کی جانب سے اُٹھائی گئی تمام مسائل کے فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ پہلگام میں ہوم سِٹے سیاحت کے منصوبوں پر کام کریں جس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور پہلگام کے سیاحتی امکانات میں اضافہ ہوگا۔پیوش گوئیل نے وادی کے صنعت کاروں کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی ۔ صنعت کاروں نے وزیرموصوف  کو مقامی مسائل گوش گزار کئے جو صنعت کو درپیش ہیں۔ کشمیری شالوں کی برآمد میں رُکاوٹوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ نئے صنعتی پیکیج کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا اور پیکیج کو موجودہ صنعتی یونٹوں تک بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔مرکزی وزیرموصوف نے وفد کو مقامی صنعتوں کے فروغ کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شالوں کی برآمد میں درپیش رُکاوٹوں پر فوری کارروائی کرتے ہوئے حکام کو ہدایت دی کہ وہ سری نگر اور دہلی ہوائی اڈے پر ٹیسٹنگ سہولیات قائم کریں جبکہ مقامی ٹیسٹنگ سہولیات کو جدید ترین مشینوں کے ساتھ اَپ گریڈ کیا جائے۔اُنہوں نے ایک کارپٹ وِلیج کے قیام کی بھی تجویز پیش کی جو سیاحوں کے لئے مقامی کرافٹ کے ایک نمائشی مرکز کے طور پر کام کرے گا اور عالمی سطح پر مقامی قالین صنعت کو بھی فروغ دے گا۔مرکزی وزیر دو  روزہ دورے پر ہیں اور مختلف ترقیاتی کاموں کا اِفتتاح کریں گے۔