مرکزی وزیرزراعت کی کسانوں کو بات چیت کی دعوت | حکومت سبھی مطالبات پرغور کرنے کو تیار

یواین آئی

نئی دہلی// مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر ارجن منڈا نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کسانوں کے ساتھ ہر مسئلہ پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ منڈا نے بدھ کو یہاں کہا کہ کسان تنظیموں کے ساتھ چوتھے دور کی بات چیت کے بعد حکومت پانچویں دور میں کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی مانگ، فصلوں کے تنوع، پرالی کے مسائل اور ایف آئی آر جیسے تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ‘میں ایک بار پھر کسان لیڈروں کو بات چیت کے لیے مدعو کرتا ہوں۔ ہمارے لیے امن برقرار رکھنا ضروری ہے۔‘‘ منڈا نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور اس کے لیے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے بات چیت جاری ہے اور حکومت ہر معاملے پر بات کرنے کو تیار ہے۔کسانوں کے ایم ایس پی کے لیے قانونی ضمانت کے علاوہ سوامی ناتھن کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد، کسانوں اور زرعی مزدوروں کے لیے پنشن، کسانوں کے قرض کی معافی، پولیس میں درج مقدمات کی واپسی، لکھیم پوری کھیری تشدد کے متاثرین کو انصاف، حصول اراضی ایکٹ 2013 کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پچھلے احتجاج کے دوران مارے گئے کسانوں کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے۔