راجوری// مرکزی وزارت داخلہ حکومت ہند کی ایک ٹیم نے راجوری اور پونچھ میں حد متارکہ کے دیہات کا دورہ کر کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو درپیش مسائل، ان کی ترقیاتی ضروریات سے متعلق مختلف معاملات کا بھی جائیزہ لیا۔وفد کی قیادت سپیشل سیکریٹری مرکزی وزارت داخلہ رینا مترا کر رہی تھیں۔انہوں نے جوائنٹ سیکریٹری اندرونی سلامتی اور ڈائریکٹر وزارت دالہ کے ہمراہ ضلع کا دورہ کیا۔ ٹیم کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئل، ڈویثرنل کمشنر ایم کے بھنڈاری اور آئی جی پی ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال تھے جوریاستی حکومت کے نمائندوں کے طور ٹیم میں شامل تھے۔ڈپٹی کمشنر شاہد اقبال چوہدری ، ڈی آئی جی دیپک سلاتھیہ، ایس ایس پی یوگل منہاس اور ضلع و سب ضلع انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ان افسروں نے وفد کو فائیر بندی کی خلاف ورزی کے سبب ہوئے نقصانات، بچاؤ، با زآبا دکاری اقدامات، مقامی لوگوں کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کے بارے میں تفصیل دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک مفصل پریذنٹیشن بھی اس ضمن میں پیش کی۔وفد نے مختلف دیہات میں نقصان کا تخمینہ لگانے کے علاوہ متاثرہ دیہات جھنگڑ کے لوگوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔رکن اسمبلی نوشہرہ رویندر رینہ اور رکن کونسل سریندر چودھری نے عوامی وفود کے ساتھ مل کر دورے پر آئی ٹیم کو مقامی لوگوں نے آفات سماوی کی طرز پر امداد کی فراہمی کی مانگ کی۔ انہوں نے فصلوں کو ہوئے نقصانات کا معاوضہ کی فراہمی، خصوصی ترقیاتی پیکج، نوجوانوں کی روز گار اور تعلیم میں نشستیں مخصوص رکھنے، زمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ، مزید بنکروں کی تعمیر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی مانگ کی۔بعد میں سپیشل سیکرٹری رینا مترا نے اعلیٰ افسران کی ایک ٹیم کے ہمراہ حال ہی میں لنگر اور دنا دیہات میں تعمیر کئے گئے انفرادی بنکروں کا معائنہ کیا۔ لنگر دیہات میں لوگوں نے انسانی جان وں اور مال مویشی کے زیاں کے لئے معاوضے کی رقم میں اضافہ کرنے کی مانگ کی۔ٹیم نے گولہ باری سے متاثرہ سکولوں کا بھی معائنہ کیا جہاں سے جولائی2017 میں طلاب کو نکالا گیا تھا۔ایس ڈی ایم نوشہرہ عبدالستار، ایڈیشنل ایس پی ماسٹر پوسپی، ڈی آئی او شفاعت احمد، تحصیلدار نریش کمار، ایس ڈی پی او خالق چوہدری اور دیگر افسران نے ڈیلی گیشن کے لئے فیلڈ دورے منعقد کئے۔بعد میں ٹیم نے پونچھ کا دورہ کیا اور سرحدی لوگوں سے ملاقات کے دوران ضلع انتظامیہ سے فیڈ بیک حاصل کیا۔مقامی ارکان قانون سازیہ ایم ایل اے حویلی شاہ محمد تانترے، ایم ایل سی پردیپ شرما نے بھی ٹیم ممبران کے سامنے دیہی علاقوں کے مسائل اُبھارے۔ مقامی لوگوں نے بنکروں کی تعمیر، طبی سہولیات بشمول ایمبولنس کی فراہمی جیسے مطالبات پیش کئے۔ انہوں نے سرحدی سڑکوں کی مرمت و دیگر بنیادی ڈھانچہ اور سرحدی علاقوں میں گولہ باری کے نتیجہ میں نقصان کے سلسلے میں امداد کی فراہمی کے مطالبات بھی پیش کئے۔ٹیم نے مطالبات کو بغور سُنا اور یقین دلایا کہ مرکزی وزارت داخلہ کے ساتھ تمام معاملات اُٹھائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر طارق احمد زرگر ، ایس ایس پی راجیو پانڈے اور دیگر متعلقہ افسران ٹیم کے ہمراہ تھے۔