نئی دہلی//مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ آج یعنی پیر سے مرکزی حکومت کے تمام ملازمین کے لیے دفتر میں مکمل حاضری دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے اتوار کو کہا کہ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔وزیر مملکت برائے عملہ نے کہا"آج وبائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کوویڈ کیسز کی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ مثبت کی شرح میں کمی کے پیش نظریہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیر سے دفتر میں مکمل حاضری دوبارہ شروع کی جائے گی اور تمام سطحوں پر ملازمین بغیر کسی استثنی کے، 7 فروری 2022 سے باقاعدہ طور پر دفتر میں حاضر ہوں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ محکموں کے سربراہان تاہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملازمین ہر وقت چہرے کے ماسک پہنیں اور کوویڈ سے مناسب رویے کی پیروی کرتے رہیں۔مرکز نے 31 جنوری کو انڈر سکریٹری کی سطح سے نیچے کے اپنے 50 فیصد ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے کے انتظام کو 15 فروری تک بڑھا دیا تھا،لیکن متعلقہ حلقوں سے معلومات حاصل کرنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد، ڈپارٹمنٹ آف پرسنل اینڈ ٹریننگ (DoPT) کی طرف سے ایک تازہ دفتری میمورنڈم جاری کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام سطحوں پر تمام ملازمین، بغیر کسی چھوٹ کے، رپورٹ کریں گے۔