مرکزی سیکریٹری سیاحت اور وفود لیفٹینٹ گورنر سے ملاقی

 سرینگر//مرکزی وزارت سیاحت کے سیکریٹری اروندسنگھ،ڈینٹل سرجنوں کے وفد سمیت کئی وفود یہاں لیفٹینٹ گورنر سے ملاقی ہوئے۔مرکزی وزارت سیاحت کے سیکریٹری اروند سنگھ نے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کے دوران سیاحت محکمہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات جن کامقصدجموں کشمیرمیں سیاحت کو فروغ دینا ہے،پرتبادلہ خیال کیا۔لیفٹینٹ گورنر نے مرکزی سیکریٹری کو بتایاکہ یوٹی انتظامیہ جموں کشمیر کے وسیع سیاحتی صلاحیتیوں کو بروئے کار لانے کےلئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کےلئے جامع اقدام کئے جارہے ہیں تاکہ سیاحتی صنعت کوبحال کیا جائے۔اس موقعہ پر سیاحت محکمہ کے سیکریٹری سرمدحفیظ اورناظم سیاحت کشمیرڈاکٹر جی این یتو بھی موجود تھے۔راج بھون میں سنیچروارکو متعددعوامی وفودبھی لیفٹینٹ گورنر سے ملے۔بلاک کھنموہ کے ڈی ڈی سی ممبرانجینئراعجازحسین کی قیادت میں ایک وفد نے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اورعلاقے کی تعمیروترقی کے حوالے سے مسائل ان کے گوش گزار کئے ۔انہوں نے اینٹھ بٹھو ںکی ماحولیاتی کلیئرنس سے متعلق معاملہ بھی اُٹھایاسرینگرمیونسپل کارپوریشن کے کونسلر دانش بٹ بھی لیفٹینٹ گورنر سے ملے اور ان سے کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔اسی طرح ضلع صدر بھاجپا اننت ناگ منظور احمد خان نے ایل جی کو ایک میمورنڈم پیش کیا ۔ا س دوران ڈینٹل سرجنوں کا ایک وفد بھی ڈاکٹر سمیر مسعودی کی قیادت میں لیفٹینٹ گورنر سے ملاقی ہوا اور ان سے ڈینٹل سرجنوں کی اسامیاں معرض وجود میں لانے سمیت مختلف معاملات پر بات کی۔انہوں نے صحت اسکیم کے تحت گولڈن کارڈفوائد میںامراض دندان کو بھی لانے کی ضرورت اجاگر کی۔لیفٹینٹ گورنر نے ان کے مسائل کوبغور سنااور یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات پرہمدردانہ غور کیا جائے گا۔
 

نئی گاڑیوں کیلئے پالیسی،4 رکنی کمیٹی تشکیل

سرینگر// حکومت نے نئی گاڑیوں و کاروں کی پالیسی کمیٹی کو عمومی انتظامی محکمہ کے انتظامی سیکریٹری کی سربراہی میںتشکیل دینے کومنظوری دی۔ عمومی انتظامی محکمہ کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ 4رکنی کمیٹی میں جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے انتظامی سیکریٹری کو چیئرمین نامزد کیا گیا۔اس کمیٹی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے انتظامی سیکریٹری،محکمہ ہاسپٹلٹی اینڈ پرو ٹوکول کے انتظامی سیکریٹری اور ڈائریکٹر موٹر گراجز ممبر ہوںگے۔ یہ کمیٹی محکمہ ٹرانسپورٹ کے تحت کام کرے گی۔