مرکزی سکیموں کو ریاست کے آب و ہوا کے مطابق عملائیں:ہانجورہ

 جموں/ /زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجورہ نے محکمہ زراعت اور اس سے منسلک دیگر شعبوں کے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں زمینی سطح پر مرکزی معاونت والی اور آب و ہوا کے عین مطابق عملائی جا رہی سکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے اپنے فیلڈ عملے کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی اشتراک سے کام کریں ۔ وزیر موصوف جموں میں اس حوالے سے ایک اختراعی پروجیکٹ کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے آب و ہوا کی تبدیلی سے متعلق سٹیرنگ کمیٹی کی تیسری میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ محکمہ زراعت کی طرف سے جموں ضلع کے بلوال بلاک اور بڈگام ضلع کے بڈگام بلاک میں اُن علاقوں میں عملایا جا رہا ہے جہاں پانی کی قلت پائی جاتی ہے ۔ میٹنگ میں سکاسٹ جموں کے وائس چانسلر ، پرنسپل سیکرٹری زراعت کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران ریاست میں موسمی تبدیلی سے جُڑے مسائل کو زیر بحث لایا گیا ۔ وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ 22.15 کروڑ روپے لاگت والے اس پروجیکٹ کے دوران رقومات کے منصفانہ تصرف کو یقینی بنائیں ۔ وزیر کو جانکاری دی گئی کہ سال 2018-19 کیلئے مجوزہ ایکشن پلان کیلئے 14.28 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں جبکہ بڈگام بلاک میں 7.30 کروڑ روپے اور بلوال بلاک میں 6.98 کروڑ روپے صرف کئے جا چکے ہیں ۔ ہانجورہ نے سکیموں کی عمل آوری کیلئے محکموں کے مابین قریبی رابطہ بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔