پونچھ//مرکزی جامع مسجد پونچھ میں جمعہ کے روز جب نمازی وضو کرنے لگے تو وہاں نلکوں سے آلودہ پانی نکلنے لگا جس کے بعد انھیں وضو کے لئے ادھر اُدھر بھٹکنا پڑا ۔ اس ضمن میں بات کرتے ہوئے وہاں موجودلوگوں نے محکمہ صحت عامہ (پی ایچ ای)کو ہدف تنقیدبناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازموں کی لاپرواہی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے ضلع پونچھ میں لوگ پانی کی قلت سے پریشان ہیں جب کہ ضلع پونچھ میں پانی کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گھروں کی بات چھوڑئے اب مساجد میں بھی نمازیوں کو وضو کے لئے صاف پانی نہیں مل رہا ہے۔جامع مسجد کے امام مولوی شفاعت حسین نے اس دوران نہایت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جامع مسجد میں فراہم پانی کی آلودگی اور اور نکاسی آب کی ناگفتہ بہ صورتِ حال سے متعلقہ محکمہ کو بار ہا اطلاع دی گئی ہے لیکن کسی نے اب تک کچھ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پائپ لائن کی خستہ حالت کی وجہ سے مسجد میں تین سال سے صاف پانی نہیں آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامع مسجد پونچھ میں لوگ آلودہ پانی سے وضو نہیں کر پاتے ہیں جس کی وجہ سے انھیں پریشان ہونا پڑتا ہے ۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت کریں کہ جامع مسجد پونچھ میںجو پانی سپلائی کرنے کے لئے پائپ لائن بچھائی گئی ہے اس کو تبدیل کر کے وہاں صاف اور آلودگی سے پاک پانی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ بصورت دیگر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔