مرفادشاہ قتل پر سرنکوٹ میں احتجاجی مظاہرہ

سرنکوٹ// مرفادشاہ قتل کی تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کو سزا دینے کے مطالبے پر سرنکوٹ میں نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت ایڈووکیٹ ماجد شاہ کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کے گھر دن دہاڑے ایک نوجوان کا قتل کردیاگیاتاہم ابھی تک اس سلسلے میں کارروائی نہیں ہوئی جبکہ یہ واضح ہے کہ نہتے نوجوان پر گولی کس نے چلائی ۔انہوں نے الزام لگایاکہ پولیس اس معاملے پر پردہ ڈال رہی ہے اور تحقیقات کو تعطل کاشکار بنادیاگیاہے ۔ احتجاج میں بار ایسو سی ایشن سرنکوٹ کے ارکان بھی شامل ہوئے ۔ اس موقعہ پر مقررین نے کہاکہ مرفاد کی صرف یہی غلطی تھی کہ اس کی گاڑی گیٹ سے لگ  گئی جسے وہ دیکھنے کیلئے گاڑی سے اتراتو اسے گولی ماردی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ تمام تر ثبوت و شواہد کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہونا افسوسناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر مرفاد شاہ کے لواحقین کو انصاف نہ ملاتو خطہ پیر پنچال میں ایک تحریک چلائی جائے گی ۔