مرحوم عمران ٹاک کے کنبہ کے ساتھ حکومت کارویہ افسوسناک :ہرش دیو

جموں//بسنت گڑھ سے تعلق رکھنے والے محکمہ پولیس کے سب انسپکٹرعمران ٹاک کی جنگجوئوں مخالف آپریشن میں ہوئی شہادت کے 15ماہ گزرنے کے باوجود حکومت جموں وکشمیرنے مہلوک بہادرجوان کے کنبہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کوپورانہیں کیاہے۔اس سلسلے میں جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین وسابق وزیرہرش دیوسنگھ نے مہلوک پولیس سب انسپکٹرکے کنبے کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہ کرنے پرحکومت کوہدف تنقیدبنایا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی سرزمین کی حفاظت کرتے ہوئے جان گنوانے والے بہادرپولیس سب انسپکٹرکے لواحقین کے ساتھ حکومت کے وعدے پورے نہ ہونانہ صرف افسوسناک ہے بلکہ اہل خانہ کی تضیحک بھی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت اوراعلیٰ حکام کی عدم توجہی کی وجہ سے عمران ٹاک کے لواحقین کوایس آراو43 کے تحت مراعات حاصل کرنے میں گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے مشکلات جھیلناپڑرہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گورنرانتظامیہ میں عمران ٹاک کے پریواروالوں کے ساتھ انصاف نہ ہوناباعث تشویش ہے ۔انہوں نے کہاکہ سول وپولیس انتظامیہ نے وعدہ کیاتھاکہ عمران ٹاک کوبعدازمرگ شوریاچکرایوارڈسے نوازجائے گالیکن یہ وعدہ بھی پورانہیں کیاگیا۔ہرش دیوسنگھ نے کہاکہ ملک کے لیے جان کانذرانہ دینے والے نوجوانوں کے پریواروالوں کے ساتھ حکومت کے غیرمناسب رویہ کوبرداشت نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی گورنرکوچاہیئے کہ وہ عمران ٹاک کے پریواروالوں کے ساتھ انصاف کرے ۔اس دوران ہرش دیوسنگھ نے ایس آراو43کے تحت مہلوک سب انسپکٹرکے بھائی مظفرٹاک کوفائدہ دینے ،بعدازمرگ شوریاچکر(گیلنٹری )ایوارڈ عطاکرنے کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ عمران تاک ایک نیشنل ہیروہے اس لیے فوری طورپرگورنرانتظامیہ کومرحوم کے پریوارکے ساتھ انصاف کرناچاہیئے۔اس دوران پریس کانفرنس میں سریندرچوہان ضلع صدرجموں (رورل )جے کے این پی پی اورسکھ جیت سنگھ سینئر لیڈرپنتھرس پارٹی بھی تھے۔