راجوری//راجوری قصبہ اور مراد پور گاؤں کے درمیان قومی شاہراہ پر جاری ہائی وے کی اپ گریڈیشن کے کام کے دوران شدید ٹریفک جام سے لوگوں کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہائی وے کی اپ گریڈیشن کے کام میں مصروف ایجنسیوں نے راجوری قصبہ کے اطراف میں واقع علاقوں میں زمین کی کٹائی کا کام شروع کر دیا ہے اور مراد پور، پھلیانہ سائیڈ میں بھی کام شروع کر دیا گیا ہے جس سے شدید ٹریفک جام ہو رہا ہے۔
انہوں نے بہتر ٹریفک مینجمنٹ سسٹم پر زور دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ راجوری شہر سے مراد پور تک کا علاقہ ٹریفک کی نقل و حرکت کے لحاظ سے کافی مصروف ہے اور وہاں گھنٹوں ٹریفک جام رہتا ہے۔پونیت کمار نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ’ہائی وے کی اپ گریڈیشن کا کام بھی وقت کی ضرورت ہے لیکن علاقے میں بہتر ٹریفک مینجمنٹ سسٹم ہونا چاہیے تاکہ لوگوں کی تکالیف کو کم کیا جا سکے اور ٹریفک کی روانی میں آسانی ہو۔ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں نصف درجن سے زائد معروف پرائیویٹ تعلیمی ادارے قائم ہیں جس کی وجہ سے سکولوں کی گاڑیوں کی آمدورفت بھی سڑکوں پر رہتی ہے تاہم ٹریفک جام ہونے سے طلباء بھی بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔