مذہب کے نام پر ووٹ مانگنے والوں کو مسترد کرنا لازمی:عمر عبداللہ | کہابھاجپا نے گذشتہ10سال سےجموں وکشمیر کے عوام کو پریشانِ حال کردیا

عاصف بٹ
کشتواڑ// جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ جو لوگ آج پھرسے مذہب کا استعمال کرکے لوگوں کو ڈرا دھمکا کر ووٹ مانگنے نکلے ہیں اُن سے جموں وکشمیر کے عوام کو ہوشیا ررہنے کی ضرورت ہے، اگر ہم گذشتہ10سال پر نظر ڈالیں تو یہاں ہر ایک مذہب کے لوگ پریشان ہیں، ہر مذہب کے نوجوان بے روزگار ہیں، ہر مذہب کے صارفین کا راشن کم کیا گیا اور اب وقت آگیا ہے کہ اس جماعت سے حساب مانگا جائے جو گذشتہ10سال سے یہاں براہ راست حکومت کررہے ہیں۔عمر عبداللہ نے اِن باتوں کا اظہار اسمبلی الیکشن کیلئے انتخابی مہم جاری رکھتے ہوئے کشتواڑ اور پاڈر میں متعدد چنائوی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جن کا انعقاد سینئر پارٹی لیڈر اور اُمیدوار برائے کشتواڑ سجاد احمد کچلو اور اُمیدوار برائے پاڈر پوجا ٹھاکر نے کیا تھا۔ عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’گذشتہ10سال سے یہاں بھاجپا کی براہ راست حکمرانی چل رہی ہے، 2014کے بعد بی جے پی نے پی ڈی پی کیساتھ ہاتھ ملایا، جیسے ہی وہ حکومت ٹوٹی تو ہاں راج بھون سے حکمرانی شروع ہوئی اور براہ راست ایل جی کے ذریعے بی جے پی حکومت قائم رہی، اس 10سالہ دور میں بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت میں یہاں کتنے مطالبے حل ہوئے، آپ کی کتنی پریشانیاں حل ہوئیں، اس کا حساب کرنا ضروری ہے، کتنے بے روزگار نوجوانوں کو نوکریوں کے آرڈر ملے؟ 10سال پہلے یہاں ڈی جی بھرتی ہوا کرتی تھی اور موقعے پر ہی نوجوانوں کو پولیس میں نوکریاں ملتی تھی لیکن بی جے پی نے یہ ڈی جی بھرتی ختم کرڈالی، یہاں بجلی فیس جو دیہی علاقوں میں چند سو ہوا کرتا تھا آج آسمان چھو گیا ہے، راشن کا کوٹا اتنا کم کردیا گیا ہے کہ صارفین کا گزارا بھی نہیں ہوتا، ہم نے دیہی علاقوں میں تعلیم کو فروغ دینے کیلئے رہبر تعلیم سکیم شروع کی تھی لیکن اُس کو بھی تہس نہس کیا گیا، نریگا سے جو چھوٹے موٹے کام اور مزدوریاں ملتی تھیں وہ بھی ختم کردی گئیں، سوشل ویلفیئر سکیموں کو مستحق لوگوں کی شجرِ ممنوعہ بنا دیا گیا۔ ‘‘ عمر عبداللہ نے کہا کہ موجودہ الیکشن میں جموںوکشمیر کے عوام کو بی جے پی سے سوال کرنا چاہئے کہ پچھلے 10سال میں آپ کی ڈبل انجن سرکار نے یہاں کیا بہتری لائی؟ ۔ کشتواڑ کے عوام کا ان 10برسوں میں سوائے مایوسی اور پریشانیوں کے کیا ملا؟ آج یہاں 4بڑے بجلی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے، ان پروجیکٹوں کا یہاں کے عوام کو کتنا فائدہ پہنچ رہاہے؟ بی جے پی والے یہاں آئے تو اُن سے پوچھئے کیا ہمارے نوجوان اس قابل نہیں کہ ان پروجیکٹوں سے اُن کا روزگار مل سکے، ٹھیکے بھی باہر والوںکو، انجینئر بھی باہر سے، ملازم بھی باہر اور یہاں تک کہ مزدور بھی باہر سے لائے جارہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومت آئی تو ان دریائوں، ان پہاڑوں اور ان جنگلات پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہوگا، ہم بجلی فیس سے راحت کیلئے ہر صارف کو 200یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے، مہنگائی سے مقابلہ کیلئے معیشی طور پسماندہ کنبوں کو سالانہ 12گیس سلینڈر فراہم کریں گے، مفت راشن کا کوٹا 10کلو تک بڑھا دیںگے اور راشن گھاٹوں سے چینی اور مٹی کے تیل کی سپلائی دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ آپ کا ووٹ آپ کے پاس قیمتی امانت ہے، اس ووٹ سے بہت کچھ بدلا جاسکتا ہے، آپ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کیجئے اور اپنے بہتر مستقبل اور مشکلات کو دور کرنے کیلئے ایک بہترین اور صحیح نمائندہ چُنئے، اور نیشنل کانفرنس اُمیدوار سجاد کچلو سے بہتر آپ کیلئے کوئی نہیں ہوسکتا ہے۔

عمر عبد اللہ کی آج بھدرواہ میں عوامی ریلی میں شرکت | کل ڈوڈہ و گندوہ میں 3ریلیوں سے خطاب کریں گے

اشتیاق ملک

ڈوڈہ// نیشنل کانفرنس نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ آج اور کل ڈوڈہ و بھدرواہ اسمبلی حلقوں میں 4 الگ الگ عوامی ریلیوں میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف و دیگر سینئر لیڈر بھی ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق عمر عبد اللہ و میاں الطاف آج بھدرواہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے اور جمعرات کو ڈوڈہ اسمبلی حلقہ کے کاہرہ، گلی بھٹولی و بھدرواہ اسمبلی حلقہ کے گندوہ میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ ڈوڈہ حلقہ سے نیشنل کانفرنس کے سابق وزیر خالد نجیب سہروردی و بھدرواہ سے سابق بیوروکریٹ محبوب اقبال میدان میں ہیں اور ان دونوں حلقوں سے کانگریس نے بھی اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔