نئی دہلی// گڈز اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل نے عام آدمی کے استعمال کی 17 اشیاء اور چھ خدمات پر جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں فلم دیکھنا ، 32 انچ تک کے مانیٹر اور ٹیلی ویژن، گاڑیوں کے کچھ کل پرزے ، لیتھیم بیٹریز، ویڈیو گیم کنسول وغیرہ سستے ہو جائیں گے ۔وزیر مالیات ارون جیٹلی کی صدارت میں ہفتہ کو یہاں ہونے والی جی ایس ٹی کونسل کی 31 ویں میٹنگ میں مذکورہ فیصلہ لینے کے بعد جیٹلی نے بتایا کہ کونسل کے اس فیصلے کے بعد اب عام لوگوں کے استعمال کی محض 28 فیصد شرح کے زمرے میں ہے ۔اب 28 فیصد کی شرح میں لگژری مصنوعات ،ایئرکڈیشنر،ڈشواسر کے ساتھ ساتھ صحت کے لئے نقصان دہ مانی جانے والی تمباکو جیسی اشیاء شامل ہیں۔ مجموعی طور پر اس میں 28 مصنوعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں ٹیکس کم کرنے کے لئے کئے گئے فیصلے سے 5500 کروڑ روپے کی آمدنی گھٹ جائے گی۔ نئی قیمتیں یکم جنوری سے نافذ ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے کل پرزے اور سیمنٹ پر شرح میں 10 فیصد کمی کئے جانے پر تقریبا 33 ہزار کروڑ روپے کی آمدنی کم ہوگی۔ سیمنٹ پر شرح کم کرنے پر تقریباً 13 ہزار کروڑ روپے کا اثر پڑے گا۔ آگے جی ایس ٹی آمدنی میں اضافہ ہونے پر سیمنٹ کو بھی 28 فیصد سلیب سے باہر کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ‘بیسک سیونگ اکاؤنٹس اور جن دھن اکاؤنٹس کی آپریٹنگ کو جی ایس ٹی سروس سے الگ کر دیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مال بردار گاڑیوں پر تیسری پارٹی کی انشورنس پریمیم پر لگنے والے جی ایس ٹی کو بھی 18 سے کم کر کے 12 فیصد کر دیا گیا ہے ۔ 100 روپے تک کی فلمی ٹکٹ پر جی ایس ٹی کو 18 سے کم کر 12 فیصد اور 100 روپے سے زیادہ کے ٹکٹ پر اس کو 28 سے کم کر 18 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس کے ساتھ ہی مذہبی سفر والے خصوصی طیارہ سروس پر بھی جی ایس ٹی کی شرح 18 فیصد سے کم کر کے عام ہوا بازی سروس کے برابر کر دیا گیا ہے ۔ ابھی اکانومی کلاس کے لئے پانچ فیصد اور بزنس کلاس کے لئے 12 فیصد جی ایس ٹی لگتا ہے ۔ حج سیوا سمیتی نے مذہبی مقاصد کے لئے فضائی سفر پر جی ایس ٹی میں کمی کرنے کے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔حج سیوا سمیتی کے صدر حافظ نوشاد احمد اعظمی نے بتایا کہ ان کی تنظیم مذہبی مقاصد کے لئے فضائی سفر پر عائد کی جانے والی 18فیصد میں کمی کرنے کامطالبہ کررہی تھی۔ آج جی ایس ٹی کونسل نے اس میں کمی کرکے ان کے اس مطالبہ کو تسلیم کرلیا ہے ۔ اس سے عازمین حج کو بھی فائدہ ہوگا۔ خیال رہے کہ مذہبی مقاصد کے لئے فضائی سفرکرنے والوں کو کرایہ پر 18فیصد جی ایس ٹی ادا کرنا پڑتا تھا جب کہ عام مسافروں کے لئے اکنامی کلاس میں جی ایس ٹی کی شرح 5 فیصد اور بزنس کلاس کے لئے 12 فیصد تھی۔