مذہبی جو ش وخروش کے ساتھ جنم اشٹمی کی شوبھایاتراکااہتمام

جموں// جموں وکشمیر ریاست کی سرمائی راجدھانی شہر جموں میں کرشن جنم اشٹمی کے پیش نظر مذہبی عقیدت واحترام سے شاندار شوبا یاترا نکالی گئی۔دھرم ارتھ ٹرسٹ نے سناتن دھرم سبھا جموں اور دیگر متعدد مذہبی اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے یہ یاترا نکالی ۔ شوبا یاتراگیتابھون پریڈ گراؤنڈ سے شروع ہوئی جوکہ شوبا یاترا شالیمار چوک، ہری مارکیٹ، ریذنڈنسی روڈ، شہیدی چوک، راجندر بازار، کنک منڈی، سٹی چوک، پرانی منڈی، اولڈ اسپتال روڈ، لنک ہاسپٹل روڈ، جین بازار، چوک چبوترہ، پنج تیرتھی، مبارک منڈی، پکا ڈنگا، موتی بازار، سبزی منڈ، تلک راج روڈ، پرانی منڈی سے ہوتے ہوئے رگھوناتھ بازار میں واپس گیتا بھون میں اختتام پذیر ہوئی۔شوبا یاترا شروع ہونے سے قبل گیتا بھون میں سناتن دھرم سبھا کی طرف سے جھانکی کی پوجا کی گئی، جس کے بعد دھرم ارتھ ٹرسٹ کے ٹرسٹی نے رگھوناتھ مندر میں شوبامورتی اورسورن رتھ کی پوجا کی۔ سورن رتھ پربھگوان کرشن اور رادھا کے اوتار انتہائی خوبصورتی سے سجائے گئے تھے۔ اس رتھ کوشوبا یاترا میں رگھوناتھ مندر کے پجاری ،پنڈت اور عقیدتمند رسہ سے دھکیل رہے تھے۔ اس کے علاوہ بھگوان کرشن کی زندگی پر مبنی مختلف جھانکیاں دکھائی گئیں جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ روایتی ڈوگرہ لباس زیب تن پانچ گھوڑ سوار بھی شوبایاترا کا حصہ تھے۔ مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور تجارتی تنظیموں کی طرف سے متعدد مقامات پر کھانے پینے کے اسٹال لگائے تھے۔ اس دوران آپسی بھائی چارہ، مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بھی دیکھنے کو ملی۔ مسلم تنظیموں جن میں مسلم فیڈریشن، شیعہ فیڈریشن وغیرہ نے بھی اسٹال لگائے تھے، ساتھ ہی مسلم لیڈران نے ہندؤ بھائیوں کو اس موقع پر مبارک باد پیش کی۔ یاترا کے روایتی راستوں کے دونوں اطراف جھانکیاں دیکھنے کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے۔ شوبا یاترا میں سناتن دھرم سبھا، آئی ایس کے سی او ان، ہر ے رامہ ہرے کرشنا، ناٹک سماج، رگھوناتھ مندر، دیوانہ مندر، پرانی منڈی مندر وغیرہ کی درجنوںجھانکیاں شامل تھیں، اس کے علاوہ سنسکرت مہاودیالیہ بیرپور کے بچوں نے بھی حصہ لیا جوکہ یاترا کے دوران بھجن، منتر وغیرہ پڑھتے رہے۔ جنم اشٹمی کے پیش نظر جموں میں تمام مندروں کی خصوصی سجاوٹ کی گئی ہے۔ کٹھوعہ،سانبہ، اودھم پور، جموں اور خطہ کے دیگر علاقوں میں بھی جنم اشٹمی کی شوبا یاتر ا نکالی گئی۔یو این آئی