مذہبی بے ادبی کے واقعات | پنجاب میں2نوجوان ملزموں کا پیٹ پیٹ کر قتل

نئی دہلی//پنجاب کے کپورتھلہ میں اتوار کو گوردوارہ صاحب نظام پور موڑ میں نشان صاحب کی بے حرمتی کے الزام میں پکڑے گئے ایک نوجوان کو پولیس کی موجودگی میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ ریاست میں یہ لگاتار دوسری بار ہے جب توہین کے ملزم کا قتل کیا گیا ہے ۔نشان صاحب کی بے حرمتی کے ملزم نوجوان کو اتوار کی صبح گاؤں والوں نے پکڑ لیا اور اس کے بعد اسے ایک کمرے میں بند کر دیا گیا۔ پولیس نے اسے اپنی حراست میں لے کر لے جانے کی کوشش کی۔اس دوران مشتعل ہجوم سے پولیس کی جھڑپ ہوگئی جس کے بعد پولیس نے ہوائی فائرنگ کی۔ پولیس اور مشتعل ہجوم کے درمیان زبردست ہاتھا پائی ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی لیکن مشتعل ہجوم نے ایک نہ سنی اور ملزم نوجوان کو زدوکوب کیا۔ یہ لگاتار دوسرا دن ہے جب توہین کے ملزم کو قتل کیا گیا ہے ۔اس سے قبل سنیچر کو امرتسر میں واقع سکھوں کے مذہبی مقام گولڈن ٹیمپل (سورن مندر) میں دربار صاحب کی مبینہ طور پر بے حرمتی کرنے کی کوشش کے الزام میں ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔مذکورہ شخص نے گرو گرنتھ صاحب کے سامنے رکھی تلوار اٹھانے کی کوشش کی لیکن ایس جی پی سی (سری گرودوارا پربندھک کمیٹی) کے خدمتگاروں نے اسے پکڑ لیا اور اس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ایس جی پی سی کے ارکان نے کہا کہ نوجوان نے واضح طور پر مندر میں بے حرمتی کی کوشش کی تھی اور یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی قید ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان کی لاش کو اسپتال لے جایا گیا۔ وہیں، پولیس نے بھی اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ امرتسر کے ڈپٹی پولیس کمشنر پرمندر سنگھ بھنڈال نے کہا کہ ملزم شخص تنہا تھا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا معائنہ کر کے تفصیلی معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔ پولیس ٹیموں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ملزم نوجوان کے رہائشی مقام اور دیگر تفصیلات معلوم کی جا رہی ہیں۔بھاتیہ جنتاپارٹی کے لیڈر منجندر سنگھ سرسا نے حکومت پنجاب سے اس کے پیچھے کی سازش کاپردہ فاش کرنے کامطالبہ کیا ہے۔ سرسا نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی بات کی ہے جنہوں نے اس واقعہ کی سازش کا پتہ لگانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
 
 
 

 جانچ کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل

امرتسر//پنجاب حکومت نے ہرمندر صاحب میں مذہبی بے ادبی کے واقعات کی جانچ کے لئے خصوصی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے ۔ایس آئی ٹی دو دنوں میں اپنی رپورٹ دے گی۔ اس کی قیادت پولیس ڈائریکٹر جنرل (امن و قانون) کریں گے ۔نائب وزیراعلی اور وزیر داخلہ سکھجندر سنگھ رندھاوا نے میڈیا سے بات چیت میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی بے ادبی کے واقعات ریاست کے فرقہ وارانہ بھائی چارے اور امن و امان کو خراب کرنے کی سازش معلوم ہوتی ہے ۔ادھر پنجاب پولیس کے نومامور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سدھارتھ چٹوپادھیائے نے کہا کہ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو بگاڑنے کی کسی بھی کوشش سے سختی سے نپٹا جائے گا۔مسٹر چٹوپادھیائے نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ دو دنوں میں بے حرمتی کے دو واقعات ہوچکے ہیں اور دونوں واقعات میں ملزمان کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیا گیا ہے ۔