سرینگر//نیشنل کانفرنس،نجی اسکولوں کی انجمن اور دیگر کئی تنظیموں اور انجمنوں نے کشمیرعظمیٰ اور گریٹر کشمیر کے پرنٹر پبلشر رشیدمخدومی کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور صدمے کااظہار کیا ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے مخدومی خاندان کی معروف دینی اور علمی شخصیت الحاج مرحوم غلام محمد مخدومی ساکن مخدوم صاحب کی نیک سیرت اور پارسا اہلیہ محترمہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران و فرزندان خصوصاً گریٹر کشمیر و کشمیر عظمیٰ کے پرنٹر پبلشر رشید مخدومی کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ دونوں لیڈران نے مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران آغا سید روح اللہ مہدی، محمد سعید آخون، تنویر صادق، عمران نبی ڈار اور ساراحیات شاہ نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نجی اسکولوں کی انجمن نے کشمیرعظمیٰ اور گریٹر کشمیرکے پرنٹر پبلشر رشیدمخدومی ،چیئرمین گریٹ وے کمیونیکیشنزمجیدمخدومی اورچیف کارڈنیٹرحمیدمخدومی کی والدہ کے انتقال پر دکھ کااظہار کیا ہے۔انجمن کے ممبران نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے روح کے ابدی سکون کی دعا کی۔انجمن کے صدرجی این وار نے ایک بیان میں غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھاتے ہوئے اُسے ایک ناقابل تلافی نقصان قراردیا۔چیئرمین مورل ایجوکیشن ،اینوائیرنمنٹ ،ریلیف اینڈ کونسل آف پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن آف جموں کشمیراورکشمیرویلفیئرٹرسٹ منظوراحمدوانگنونے بھی مرحومہ کے انتقال پر دکھ اور رنج کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی ۔جموں کشمیرسول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے بھی کشمیرعظمیٰ اورگریٹر کشمیر کے پرنٹر پبلشررشیدمخدومی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جواررحمت میں جگہ دیں ۔وانی نے کہا کہ مرحومہ ایک نیک اور پارساخاتون تھیں ۔انہوں نے رشیدمخدومی اور حمید مخدومی کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالی انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطاکریں۔علماء کرام وائمہ مساجد کا متحدہ فورم انجمن علماء وائمہ مساجدجموں کشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی مہتمم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ نے کشمیر عظمیٰ وگریٹر کشمیر کے پرنٹر پبلشر رشید احمد مخدومی کی والدہ محترمہ کے انتقال پر اپنی اور انجمن علماء کی طرف سے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں کہا کہ غم کی اس گھڑی میں علماء وائمہ مساجد برابرکے شریک ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعاء کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ جموں وکشمیر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے زیارت مخدوم صاحبؒ کے معروف دینی اور علمی شخصیت الحاج مرحوم پیرزادہ غلام محمد مخدومی کی نیک سیرت اور دین پسند اہلیہ محترمہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگواران خصوصاً مرحوم کے فرزندان کیساتھ دلی تعزیت کی اور مرحومہ کی جنت نشینی و بلند درجات کیلئے دعا کی۔صدر جمعیت حاجی عبدالرشید گانی، پیرزادہ محمد اشرف عنایتی، محمد یاسین ظہراء، فاروق احمد گانی ، میر غلام محمد ساقی نے بھی رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے جنت نشینی کی دعا کی ہے۔ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر و چیئرمین جموںوکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل ،چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع اور ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجیدآخون نے رشید مخدومی کی والدہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی اور جملہ سوگواران سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ادھر روزنامہ گریٹر کشمیر اور کشمیر عظمیٰ کے پرنٹر پبلشر رشید مخدودمی کی والدہ کے انتقال پر ٹیچرس فورم کا ایک وفد زکورہ سرینگر گیا اور پسماندگاہ سے تعزیت و تسلیت کی۔ وفد کی قیادت ٹیچرس فورم کے صدر محمد اکبر خان تھے،جبکہ وفد مین بشیر احمد ٹھوکر،محمد اکبر ڈار اور محمد شفیع راتھر بھی موجود تھے۔ وفد نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی جبکہ رشید مخدومی کے ساتھ ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔اس دوران انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے بھی رشید مخدومی کی والدہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔اس دوران میرواعظ عمر فاروق ،اپنی پارٹی کے صدر الطاف احمد بخاری،کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے یوسف تاریگامی،نیشنل کانفرنس کے ناصراسلم وانی،اپنی پارٹی کے عرفان نقیب،پی ڈی پی کے نعیم اختر،پیر بلال ، ایجیک کے نائب صدر منظور پانپوری ، سجاد غنی لون ، بلال غنی لون، نیشنل کانفرنس کے اجے سدھوترا اور انگریزی روزنامہ ’’ایکسیلشیئر‘‘کے مدیر نیرج رومیترانے ٹیلی فون پر تعزیت کی جبکہ سابق ممبراسمبلی گلمرگ محمدعباس وانی ،سابق ایجیک رہنما عبدالقیوم وانی نے غمزدہ خاندان کی رہائش گاہ پر جاکر لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔
مخدومی خانوادے کے ساتھ سیاسی،سماجی اور مذہبی تنظیموں کا اظہار یکجہتی
