مختلف مقاصد کیلئے کسٹوڈین اراضی کے حصول کاجائزہ

 جموں/ وزیر برائے مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور عبدالرحمان ویری نے جائیدادِ مہاجرین محکمہ کو کسٹوڈین زمین کے حصول کے معاوضے کی ادائیگی میں تعطل کا مسئلہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھا کر رقم کی حصولیابی یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ اس کا اظہار آج وزیر نے مختلف سرکاری محکموں اور دفاعی اداروں کی جانب سے مختلف مقاصد کیلئے کسٹوڈین اراضی کے حصول کا جائیزہ لینے کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے ، سپیشل سیکرٹری محکمہ مال ، کسٹوڈین جموں ، کسٹوڈین کشمیر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں سرکاری محکموں اور دفاعی اداروں کی جانب سے کسٹوڈین اراضی کے حصول کا ضلع وار جائیزہ لیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ جائیدادِ مہاجرین محکمہ نے مختلف محکمہ جاتی سرگرمیوں کیلئے اور محکمہ جاتی بنیادی ڈھانچہ کے قیام اور دفاعی اداروں کی جانب سے مختلف پروجیکٹوں کیلئے زمین اُن کی تحویل میں دی ہے ۔ وزیر نے پہلے سے حاصل کی گئی زمین کے معاوضے کی ادائیگی کی تفصیلات اور واجب الادا رقم سے متعلق تفاصیل طلب کیں ۔ کلکٹروں نے وزیر کو اراضی کے حصول اور معاوضے کی ادائیگیوں سے متعلق تفصیل دی ۔ چند ایک معاملات میں وزیر نے کلکٹروں کو کسٹوڈین محکمہ کے حق میں باقی ماندہ واجبات کی ادائیگی کیلئے معیاد مقرر کی ۔ انہوں نے محکمہ جائیداد مہاجرین کو اراضی کے معاوضے کی حصولیابی کے معاملات کی از خود نگرانی کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر نے کسٹوڈین جنرل کو تمام واجب الادا رقومات کا معاملہ متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت دی ۔