مختصر خبریں

گاندربل میں تجاوزات اور قبضہ کیخلاف کارروائی

ارشاد احمد
 
گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش شنگلا کی ہدایت پر مختلف مقامات پر ندی، نالوں،آبی اول،سرکاری اراضی اور کاہچرائی سے غیر قانونی قبضہ ہٹایا گیا۔ گزر ہامہ،وسن،نونر،بابوسی پورہ،اور سونہ مرگ میں لوگوں کی جانب سے سرکاری اراضی، آبی اول اور کاہچرائی پر ناجائز تعمیرات اور غیر قانونی قبضہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر ہٹایا گیا۔تحصیلدار گاندربل کی قیادت میں ٹیم تشکیل دے کر 37 کنال کاہچرائی اور 7 کنال سرکاری اراضی پر سے ناجائز قبضہ ہٹایا گیا۔ٹراوٹ نالہ اور کھارکن کوہل پر لوگوں کی جانب سے ناجائز قبضہ ہٹایا گیا اس کارروائی کی مقامی آبادی کی طرف سے سراہنا کی گئی۔
 

جواہر نوادیاودھیالیہ بانڈی پورہ میں داخلے 

۔10فروری،8اپریل اور9جون2018ء کوامتحانات

بانڈی پورہ//ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ کے مطابق جواہر نوادیا ودھیالیہ کی طرف سے ملکی سطح پر چھٹی جماعت میں داخلہ کے لئے امتحان لیا جائے گا۔اس مقصد کے لئے گرمائی علاقوں،سرد علاقوں اور سردترین علاقوں میں جواہر نوادیاودھیالیہ کی طرف سے بالترتیب شدہ سرکاری سکول کے 5ویں جماعت کے طلبأ جن کی عمر 9اور13سال کے درمیان ہو،داخلہ امتحان میںشامل ہوسکتے ہیں۔دیہات اورقصبہ جات میں قائم کامن سروس سینٹر وزارت ایچ آر ڈی اورنوادیا ودھیالیہ کی ویب سائٹ پر اُن کی تفصیلات اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔چیف ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ کے علاوہ تمام زیڈ ای اووز،ہیڈ ماسٹروں اور ،پرائیوٹ سکولوں کے پرنسپل صاحبان نیز دیگر متعلقین پر زوردیا گیا ہے کہ وہ امتحانات میں زیادہ سے زیادہ طلبأ کی شرکت کویقینی بنائیں۔
 

بانڈی پورہ بارایسوسی ایشن انتخابات

ایڈوکیٹ بٹ مسعود صدرمنتخب 

عازم جان
 
بانڈی پورہ //بانڈی پورہ ضلع عدالت میں ضلع بارایسو سی ایشن کے انتخابات منعقد ہوئے جس میں ایڈوکیٹ بٹ مسعود دوبارہ صدر منتخب ہوئے ۔ ایڈوکیٹ سمیر خان تیسری بارمسلسل بلا مقابلہ سیکریٹری اور ایڈوکیٹ آصف اقبال نائب صدر بلا مقابلہ منتخب قرار دئے گئے ۔ ایڈوکیٹ بٹ مسعود نے پچھلے سال بھی الیکشن جیتا تھا اور دوسری مرتبہ 7ووٹوں سے جیت درج کر لی ہے ۔کل 34 ووٹوں میں سے 32 ووٹ ڈالے گئے۔ 
 

یوپی کا بچہ 30جولائی سے لاپتہ

 سرینگر //یوپی بجنور سے تعلق رکھنے والا ایک کم عمر بچہ پچھلے کئی ہفتوں سے لاپتہ ہے ۔ مذکورہ بچہ درگمولہ کپوارہ میں ایک بیکری کی دکان پر کام کرتا تھا اور 30جولائی کواپنے دو ساتھیوں کے ساتھ گھر کیلئے روانہ ہوا تھا جو ابھی تک اپنے گھر نہیں پہنچ سکا ہے ۔ مذکورہ بچے کی گمشدگی کی ایک رپورٹ پولیس پوسٹ درگمولہ میں درج کرائی گئی ہے تاہم ابھی تک اُس کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے جس کے سبب اُس کے گھر والوں کے ساتھ ساتھ یہاں پر بھی لوگ بھی پریشانی میں مبتلا ہیں ۔بچہ کے ایک رشتہ دار طاہر احمد نے کشمیر عظمیٰ کے دفتر پر آکربتایا کہ ہر ممکنہ جگہ پر بچے کی تلاش کی گئی لیکن ابھی تک اُس کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچے کا دماغی توازن بھی ٹھیک نہیں ہے ۔بچہ کے رشتہ داروں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر کسی کو اُس بچہ کے متعلق کوئی جانکاری ہو تو وہ نیچے دئے گے نمبرات پر رابطہ کریں فون نمبرات ہیں 9419036148,9906852528۔
 

کشمیر ویڈیو جرنلسٹس کی نئی باڈی منتخب

سرینگر//کشمیر ویڈیو جرنلسٹس ایسو سی ایشن کی طرف سے زعمائوں کے انتخابات عمل میںلائے گئے ۔بشیر احمدلون ایسو سی ایشن کے صدر، فیاض احمد نائب صدر اور جہانگیر عزیز جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔صدر کے عہدے کے لئے بشیر احمد کو 38 جبکہ ارشد حسین کو 7ووٹ ملے ، نائب صدر کے لئے فیاض احمد کو 27جبکہ طارق لون کو 18ووٹ ملے اسی طرح جنرل سیکرٹری عہدہ کے لئے فیاض احمد 31ووٹ جبکہ فردوس احمد نے 21ووٹ حاصل کئے ۔
 

کپوارہ میںلیگل سروس ڈے کی مناسبت سے تقریب منعقد 

کپوارہ//کپوارہ ڈسٹرکٹ سروسز اتھارٹی کپوارہ کی صدارت میںلیگل سروسز ڈے کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ جیل کپوارہ میں ایک تقریب کاانعقاد کیا گیا جس میں جیل سپر انٹنڈنٹ کپوارہ عبدالخالق ،بار صدر جی ایم شاہ اور وکلأ کے علاوہ دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔اس موقعہ پر قیدیوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے علاوہ شکایات کا موقعہ پر ہی ازالہ کیا گیا۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈسیشنز جج کپوارہ ایم وائی وانی نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔جب کہ قانونی ماہرین بھی تقریب میں شامل ہوئے ۔
 

محبوس خان سوپوری کی بگڑتی صحت پر تشویش

پیپلز لیگ کی دعائیہ مجالس منعقد 

سرینگر//پیپلز لیگ کی جانب سے جمعہ کو مرکزی و ضلعی ذمہ داروں جن میں قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع، عبدالرشید ڈار،حاجی محمد رمضان، غلام قادر راہ ، محمد شفیع میر ، نذیر احمد شاہ، مشتاق احمد صوفی ، غلام قادر رینہ، عبدلرشید متو،احمد پرے،محمد یوسف اور پرویز احمد بٹ نے الگ الگ مقامات پر دعائیہ مجالس کا انعقاد کیاجس میں تنظیم کے محبوس و علیل چیئرمین غلام محمد خان سوپوری سمیت تمام نظر بندوں کی صحت یابی اور رہائی کیلئے دعا کی گئی ۔انہوں نے بزرگ رہنما غلام محمد خان سوپوری کی کٹھوعہ جیل میں بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر موت کے منہ میں دھکیل رہی ہے اور انہیں خاطر خواہ علاج کرانے میں غفلت برت رہی ہے۔
 

سالویشن مومنٹ کی عوامی رابطہ مہم 

سرینگر//عوامی رابطہ مہم کو جاری رکھتے ہوئے سالویشن مومنٹ کے ذمہ داروں مولانا عبدلرشید ،مولوی مشتاق،عدنان سلفی، مفتی مدثر قادری،جاوید احمد نے شوپیاں ، پلوامہ،سوپور،گاندربل میں لوگوں سے بات کی اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے تحریک آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں ان گنت لوگوں کو مارا اورلاپتہ کیاگیا،جیلوں میں بند کیا گیا،ٹارچرکیا گیالیکن عوام اسکے باوجود سیاسی جدوجہد مسئلہ کشمیر کے قابل قبول حل کیلئے جاری رکھیں گے۔انہوں نے بڈگام ،شوپیاں،حاجن میں کریک ڈاون کے دوران لوگوں کی مارپیٹ کرنے کی مذمت کی۔