مختصر خبریں

خوجہ باغ بارہمولہ میں بھی عوام برہم

فیاض بخاری
 
بارہمولہ // بارہمولہ کے شاہ ہمدان کالونی خوجہ باغ  علاقے میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔ لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای حُکام پر الزام عائد کیا کہ محکمہ کی عدم توجہی سے علاقے میں پچھلے کئی ہفتوں سے پانی کی سپلائی بُری طرح سے متاثر ہے اور لوگ مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے مہلک اور خطرناک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے۔ لوگوں نے سرکار سے مطالہ کیا ہے کہ علاقے میںجلد از جلد پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے بصورت دیگر عوام سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری سرکار اورمحکمہ پر عائد ہوگی۔
 

شیخ طارق کشمیر ویڈیوگرافرس یونین کے صدر منتخب 

سرینگر/(کشمیروائر)//شیخ طارق کو کشمیر ویڈیوگرافرس یونین کا صدر بلا مقابلہ منتخب کیاگیا۔ ویڈیوگرافرس یونین کے صدرکے عہدے کیلئے چنائوپریس کالونی سرینگر میںمنعقد ہوا جس میں 20ممبران نے شرکت کی جبکہ نوممبروں نے انتخاب میں ٹیلیفون کے ذریعے حصہ لیا۔صدر کے عہدے کیلئے گل یثرب خان نے شیخ طارق کا نام تجویزکیا جبکہ سبھی دیگر ممبروں نے ان کی تجویز کی حمائت کی اور انہیں بلا مقابلہ صدر منتخب کیا۔اس دوران یہ بھی فیصلہ ہوا کہ کشمیر ویڈیوگرافرس یونین کی ایگزیکٹیو باڈی سوموار کو تشکیل دی جائے گی۔  
 
 

دنیا کے مسائل کا حل اسلام میںمضمر: تحریک حریت 

سرینگر//تحریک حریت کے ذمہ داروں معراج الدین ربانی نے جامع مسجد لری پرنگ، مولانا مدثر ندوی نے جامع مسجد ہمہامہ اور محمد یوسف مکرو نے جامع مسجد آرونی میں جمعہ اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا عالم انسانیت کی راہنمائی صرف اور صرف محمد عربیﷺ کے لائے ہوئے دین میں ہے۔مقررین نے کہاکہ اسلام کے بغیر کوئی نظام انسانیت کی راہنمائی کا اہل نہیں ہے اور اسلام میں ہی دنیا کے مسائل کا حل ہے۔ اسلام ایک مکمل نظامِ حیات ہے جو جینے مرنے تک کے زندگی کے تمام معاملات میں مکمل راہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا محمد عربیﷺ نے عملاً نظام اسلام قائم کرکے دنیا کو امن کا گہوارہ بنادیا ہے،انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرکے صرف ایک خدا کی غلامی میں زندگی گزارنا سکھایا اور جو عدل وانصاف کی حکمرانی عالم انسانیت کو میسر ہوئی آج پھر انسانیت کو عدل وانصاف کی حکمرانی کی منتظر ہے۔ اس دوران تحریک حریت تحصیل کنگن کا تربیتی اجتماع صدرِ ضلع گاندربل معراج الدین ربانی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ضلع گاندربل کے علاوہ دیگر تمام اراکین نے شرکت کی ۔
 
 

  پرائیویٹ سکول کارڈنیشن کمیٹی وفد امیتابھ مٹوسے ملاقی

جموں//جے اینڈ کے پرائیویٹ سکول کواڈی نیشن کمیٹی کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹوکے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے ریاست میں پرائیویٹ سکولوں کو درپیش مسائل مشیر کی نوٹس میںلائے اور ان کے حل میں مشیر کی مداخلت طلب کی۔ انہوں نے خاص طور سے بلڈنگ سیفٹی کو آسان بنانے ، کیمیکل سیفٹی جیسے معاملات کے ساتھ ساتھ تمام سکولوں میں فیس کے ڈھانچے کو معقول بنانے کا بھی معاملہ ابھارا۔ امیتابھ مٹونے وفد کے مطالبات غور سے سنے اوریقین دلایا کہ ان معاملات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔
 

دنیشور شرما کا دورہ کشمیر بے معنیٰ عمل: دختران 

سرینگر// دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا ہے کہ مذاکراتکار دنیشور شرما کا کشمیر دورہ لامعنی عمل ہے۔ ناہیدہ نسرین نے کہا کہ ’دنیشور شرما کو سمجھنا چاہئے کہ کشمیریوں کا موقف بالکل واضح ہے کہ کسی بھی طرح کا دو طرفہ معاہدہ ہمیں نامنظور ہے آیا وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہو یا بھارت یا کشمیریوں کے درمیان‘۔ انہوںنے کہاکہ دنیشور شرما کو یہاں بھیج کر ہندوستان مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرنا چاہتا بلکہ کشمیر پر اپنے جبری قبضہ کو دوام دینا چاہتا ہے۔ 
 

قیدیوں کو جنیوا کنونشن کے تحت سہولیات کی فراہمی کی مانگ 

سرینگر//کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے قیدیوںکو جنیوا کنونشن کے تحت تحفظ اور طبی سہولیات فراہم کئے جانے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بندوں کی حالت نا گفتہ بہہ ہے اور اُنہیں معقول طبی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جیلوں میں مقید پہلے انسان اور سیاسی نظربند ہیں اُن کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھنا قانونی نقط نگاہ سے سنگین جرم ہی نہیں بلکہ نظربندوں کے حقوق کی بد ترین پامالی ہے جو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائیگی۔
 

عوام پر مظالم ڈھانا منصوبہ بند سازش:محاذآزادی

سرینگر//محاذآزادی کے کے صدر سید الطاف اندرابی نے کہا ہے کہ کشمیر میں منصوبہ بند سازش کے تحت سرکاری سطح پر عوام پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کو فرضی اور من گھڑت کیسوں میں پھنسا کر عقوبت خانوںاور زندانوں میں ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار کیا جارہا ہے۔ 
 

ثمرآور مذاکرات کشمیر مسئلہ کا حل: جہانگیر بٹ

سرینگر//مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے قائمقام چیئرمین جہانگیر غنی بٹ نے مذاکرات کومسائل کے حل کامہذب راستہ قراردیتے ہوئے واضح کیاہے کہ مسئلہ کشمیر کوصرف نتیجہ خیزاوربامعنیٰ بات چیت سے ہی حل کیاجاسکتاہے ۔جہانگیربٹ نے پارٹی لیڈروں ، عہدیداروں اورسینئراراکین کی ایک میٹنگ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرمسئلے کے حل میں متواترتاخیرجنوب ایشیائی خطے کی سلامتی اورترقی وامن میں سب سے بڑی رکائوٹ ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری ہی کشمیرکے اصل مالک ہیں اوراُنکی مرضی ومنشاء کے بغیرکوئی بھی حل نہ توقابل قبول ہے اورنہ ہی پائیدار۔
 

آورہ کے پیر خاندان کو صدمہ

کپوارہ// معروف سبکدوش استاد اور سماجی کارکن محمد یوسف پیر ساکن آ وورہ ترہگام گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔ موصوف کپوارہ نیوز ایجنسی کے منیجر پیر زادہ عابد کے چچا اور نوجوان استاد گل وحید کے والد تھے ۔مختلف سماجی اور سیاسی تنظیمو ں کے علاوہ علاقہ آ ورہ کے لوگو ں نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر عظمیٰ کے کپوارہ کے نامہ نگار اشرف چراغ نے پیرزادہ عابد بالخصوص مرحوم کے فرزندان گل وحید ،جاوید خطلانی اور پیر زادہ ظہور سے تعزیت کی اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔