مختصر خبریں

ہٹ اینڈ رن کیس

بارہمولہ کے خاطی ڈرائیور کو دو سال قید کی سزا

 سرینگر // ہٹ اور رن واقعے کے جرم میں بونیار بارہمولہ کے ایک شہری کو 2سال کی سزا کے علاوہ پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ پٹن نے بونیار کے ا یک شہری فرید احمد خان ولد حبیب اللہ خان ساکن منزگام بونیار اوڑی کو ہٹ اور رن کیس میںملوث قرار دے کر دو سال کی سزا اور 5ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔مذکورہ ڈرئیور نے گاڑی چلانے کے دوران لاپرواہی برتے ہوئے ارشد احمد شیخ ولد غلام حسن ساکن گنڈبل اندرگام پٹن کو ٹکر مار دی اور پھر موقعہ سے فرار ہو گیا ۔پراسکوٹنگ افسر نجم النساء کی دلائل سننے کے بعد چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم فرید احمد خان کو ارشد احمد شیح ولد غلام حسن شیح ساکن گندبل اندگام پٹن کو لاپرواہی سے گاڑی چلانے کاذمہ دار قراد دے کر دفعہ 304-A/RPC.کے تحت دو سال کی سزا اور پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا 
 

جاوید احمد میر سے این آئی اے کی پوچھ تاچھ

سرینگر // سینئر مزاحمتی لیڈر جاوید احمد میر کو بھارتی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے سمن جاری کیا اور موصوف کو بدھ کے روز ہمہامہ طلب کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ  اس طرح کے ہتھکنڈوں کا مقصد مزاحمتی قائدین اور تحریک پسند قائدین کو ڈرا دھمکا کر انہیں اپنے حق و انصاف پر مبنی جائز جدوجہد سے باز رکھنا ہے۔ ترجمان نے کہا ایسے ہتھکنڈوں سے نہ تو کشمیر کی تحریک پسند قیادت ماضی میں مرعوب ہوئی ہے اور نہ آئندہ ہوگی۔  
 
 

گیلانی کے پرنسل سیکریٹری گرفتار

سرینگر //تحریک حریت رہنما اور گیلانی کے پرسنل سیکریٹری پیر سیف اللہ کو کل بعد دوپہر مرکزی دفتر حیدرپورہ سے گرفتار کرلیا گیا۔ سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ سیف اللہ بیمار ہیں اور انہیں گرفتار رکھنے سے ان کی صحت پر کافی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پیر سیف اللہ برین ٹیو مرکے مریض ہیں، اگرچہ اس کا آپریشن پہلے ہی کیا جاچُکا تھا، مگر آپریشن کے باوجود اُن کے سر میں شدید دردرہتا ہے اور پوری طرح سے اُن کا آپریشن کامیاب نہیں ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ان کے بیٹے کا ایک بازو حادثہ میں ٹوٹ گیا ہے جو اس وقت بستر علالت پر ہے ۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ ان کو گرفتار کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے اور یہ گرفتاری اس کی صحت کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
 
 

اوڑی کا کمسن لڑکاوالدین کے حوالے

ظفر اقبال
 
اوڑی// کنٹرول لائن سے 2 ماہ قبل سرحد عبور کرنے والے کم سن لڑکے کو بدھ کے روز پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے حکام نے کمان پل پر اپنی ماں کے سپرد کیا۔ 13 سالہ عاقب احمد پٹھان ولد مرحوم نصیر احمد پٹھان ساکن سلطان ڈھکی اوڑی جو  17 اپریل کو حد متاکہ پر واقع گائوں دولانجہ میں کسی رشتہ دار کے گھر گیا تھا اور اسی دوران راستہ بھٹک کر سرحد عبور کر لی۔اس سلسلے میںکل کمان پل پر ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی جس دوران پاکستانی زیر انتظام کشمیر چکوٹھی کے اسسٹنٹ کمشنر اور پاکستانی فوج کے دو آفسروں نے عاقب احمد پٹھان کو بعد دوپہر اس کی ماں اور چاچا کے سپرد کیا ۔
 

 محکمہ تعمیراتِ عامہ کی کوتاہی کا شاخسانہ

کمسن بچے کی موت پر حقوق کمیشن کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

سرینگر// ریاستی کمیشن برائے حقوق انسانی نے جاں بحق ہوئے بچے کے لواحقین کے حق میں تین لاکھ روپے کے معاوضے کی ادائیگی کی سفارش کی ہے جو 60 فُٹ گہرے گڈھے میں گر کر ہلاک ہوا ۔ یہ گڈھا محکمہ تعمیراتِ عامہ نے کھودا تھا اور سانحہ کے بیان کو پولیس نے بھی تسلیم کیا ہے ۔ انہوں نے سیکرٹری تعمیراتِ عامہ کو اس معاملے میں رپورٹ درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ریاستی کمیشن برائے حقوق انسانی نے ڈائریکٹر محکمہ صحت کشمیر اور منیجنگ ڈائریکٹر جے کے میڈیکل سپلائیز کارپوریشن لمٹیڈ کو کشمیر کے ہسپتالوں میں بحران ، خواتین و اطفال کیلئے ضروری دوائیاں ناپید کے عنوان سے درج معاملے میں اپنا بیان درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ 
 
 

 بِلوں اور گورنر کی منظوری کے بارے میں جانکاری 

سرینگر // جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سیکرٹری ایم آر سنگھ نے ایوان میں اُن بِلوں کے بارے میں جانکاری دی جن کو قانون سازیہ کے دونوں ایوانوں نے پاس کیا ہے اور جن کو گورنر کی منظوری حاصل ہوئی ہے۔
 

 ایوان میں بلدیاتی قوانین کی ترمیمی بِل متعارف 

سرینگر// نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاستی قانون ساز اسمبلی میں جموں وکشمیر بلدیاتی قوانین(سپیشل پروویثرن) ایکٹ2014 میں ترمیم کے لئے ایک بِل متعارف کیا۔ایل اے بِل نمبر5 آف2017 کی رو سے جموں، سرینگر اور کٹرہ قصبوں میں غیر قانونی تعمیرات کے رجحان میں باقاعدگی لانے کے لئے ایک پالیسی تیار کرنے کی خاطر جے اینڈ کے سول قوانین میں ترمیم کا مطالبہ کیا گیا ہے۔یہ پالیسی ماسٹر پلان کے عین مطابق ہونی چاہئے جس طرح مکانات و شہری ترقی ایکٹ1970 میں جائیزہ لیا گیا تھا۔محکمہ نے جے اینڈ کے ڈیولپمنٹ ایکٹ1970 کے تحت جموں، سرینگر اور کٹرہ کے ماسٹر پلانز کا وسط مدتی جائیزہ لیا ہے تا ہم چند وجوہات کی بنا پر ماسٹر پلان کی ترتیب وقت مقررہ کے اندر مکمل نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں مجوزہ پالیسی میں تاخیر ہوئی۔ اب مذکورہ پالیسی ترتیب دی گئی ہے اور ریاستی کابینہ نے بھی اس کو منظوری دی ہے۔چنانچہ جموں وکشمیر بلدیاتی قوانین( سپیشل پروویثرن) ترمیمی ایکٹ2014 کی معیاد31 مارچ2017 کو ختم ہوئی لہذا اس کو30 ستمبر2017  تک توسیع دینے کی ضرورت ہے۔
 

چئیر مین نے ارکان کو ایوانِ بالا کا وقار قایم رکھنے کیلئے کہا 

سرینگر // ایوان میں چند ارکان کی جانب سے بے لگام رویے کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے چئیر مین جموں و کشمیر قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ ایوانِ بالا کا وقار اور نظم و ضبط قایم رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان کو ایوان میں نظم و ضبط قایم رکھ کر ایک دوسرے کے خیالات اور جذبات کی عزت کرنی چاہئیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی اصل اساس مخالف خیالات کی عزت کرنا اور عزت و احترام کے ساتھ دلائیل پیش کرنے میں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارکان کو ایک دوسرے کے تئیں عزت و احترام کا مظاہرہ کرنا چاہئیے اور جمہوریت کی اعلیٰ معیار قایم رکھنا چاہئیے ۔ جی این مونگا نے اجلاس کے پہلے روز کے حالات پر اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ارکان کو ایک دوسرے کے خیالات کا احترام کرنا چاہئیے ۔ 
 

میر واعظ کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت

سرینگر //حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کوآرگنائزیشن آف اسلامک کواپریشن(او آئی سی)کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمدکی جانب سے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) کے 44ویں سیشن جو  Côte d’Ivoire کے شہر Abidjan,میں 10 اور11 جولائی2017 کو منعقد ہورہا ہے میں شرکت کیلئے باضابطہ دعوت نامہ موصول ہوا ہے ۔بیان میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ مذکورہ اجلاس میں او آئی سی حکومت ہندوستان پر دبائوڈالے گا کہ وہ کشمیری عوام پر جاری مظالم پر روک لگائے اور یہاں کے عوام کی جائز آواز کو طاقت اور تشدد کے بل پر دبانے کے بجائے مسئلہ حل کرنے کیلئے بامعنی اقدامات اٹھائے۔بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ گزشتہ5سال سے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کی عدم فراہمی کی وجہ سے بین الاقوامی نوعیت کی کانفرنسوں ،سمیناروں اور سمپوزیموں میں شرکت سے قاصر  ہیں۔