مختصر خبریں

لروجاگیر ترال میں ٹرانسپورٹ کرایہ میں اضافہ پر احتجاج

ترال//سید اعجاز// لرو جاگیر کی آبادی نے سوموار کو ٹرانسپورٹ سروس کی عدم دستیابی اور کرایہ میں اضافہ کے خلافترال ستورہ روڑ پر کئی گھنٹوں تک احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنا پر بیٹھے لوگوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے سبب انہیںصبح اور شام کے اوقات میںزبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پر طرّہ یہ کہ کرایہ میں بیک وقت بچاس فیصد اضافہ کیا گیا جو علاقے کے لوگوں کے ساتھ نا انصافی ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کوفوری طور حل کیا جائے ۔تحصیلدار کی یقین دہانی کے بعد دھرنا پر بیٹھے لوگ پُرامن طور منتشر ہوئے ۔
 
 

گریزی کا گریز میں بہتر مواصلاتی نظام فراہم کرنے پر زور 

سرینگر//جموں وکشمیر قا نون اسمبلی کے نائب سپیکر نذیر احمد گریزی نے پیر کو ٹیلی کمیونکیشن سہولیات فراہم کرنے والی ایجنسیوں کے حکام بشمول بھارت سنچار نگم لمٹیڈ او رائیرٹیل کی ایک میٹنگ طلب کی جس کے دوران اُنہوں نے گریز میںبہتر مواصلاتی نظام فراہم کرنے پر زور دیا۔گریزی نے ائر ٹیل کے نمائندوں کو گریز میں ٹاور نصب کرنے کے لئے کہا تاکہ ان علاقوں میں رہنے والوں کو بہتر مواصلاتی سہولیات فراہم ہو سکیں۔نائب سپیکر نے کہا کہ وادی گریز کے باشند وں کومواصلاتی نظام کی عدم دستیابی کے سبب مشکلات پیش آ رہے ہیں۔
 
 

حکیم یاسین کی افسران کے ساتھ میٹنگ

سرینگر//ممبراسمبلی خانصاحب اور پی ڈی ایف سربراہ حکیم محمد یاسین نے اپنے حلقہ انتخاب میں جاری تعمیراتی کاموں کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف انجینئر آراینڈ بی سمیت دیگر کئی افسران موجود تھے۔موصولہ بیان کے مطابق حکیم یاسین نے گُنڈ ارجن واٹر سپلائی سکیم کا جائزہ لیا جو گذشتہ 15برسوں سے تشنہ تکمیل ہے ۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ اِس واٹر سپلائی سکیم کوجلد از جلد مکمل کرکے علاقے کے لوگوں کیلئے وقف کیا جائے جو ان کی دیرینہ مانگ ہے۔ انہوں نے کرمشور، دریگام ، بانڈر پورہ، آرم پورہ، لانورہ اور بگرو  سڑک پر تارکول بچھانے کیلئے پر بھی زور دیا۔
 

شوپیان میں حز ب جنگجو کی گرفتاری کا دعویٰ

سرینگر//پولیس نے شوپیان کے مضافاتی گاؤں زینہ پورہ میں حزب المجاہدین کے ایک جنگجو کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  گرفتار کئے گئے جنگجو کی تحویل سے ایک چائنیز پستول ،گولیوں کے 9 رائونڈ، ایک میگزین اور ایک گاڑی بر آمدہوئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر انہوںنے 62آر آراور18بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ زینہ پورہ کے نزدیک ناکہ لگایااور اس دوران یہاںسے حزب المجاہدین سے وابستہ جنگجوشاہد احمد وانی ولد غلام احمد وانی ساکنہ کنی گام شوپیان کو گرفتارکیا گیا۔ پولیس تھانہ زینہ پورہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 52/2017 زیر دفعات 7/27/IAA/18/21/38درج کرکے مزید کارروائی شروع کی ہے۔
 

 حزب کمانڈر کے لواحقین سے اظہار ہمدردی

سرینگر//سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اور لبریشن فرنٹ (ح )چیئرمین جاوید احمد میرنے حال ہی میں جاں بحق ہوئے حزب کمانڈر محمد یاسین ایتو عرف غزنوی کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی طرف سے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی اور حصول مقصد تک جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وادی میں فوج کی تعداد میں اضافے سے ماحول سازگار نہیں ہوگا بلکہ حالات کو بہتر بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔
 

محمد یونس ملک نے ڈی سی اننت ناگ کا عہدہ سنبھالا

اننت ناگ// ملک عبدالسلام//جنوبی ضلع اننت ناگ (اسلام آباد) میں محمد یونس ملک نے ضلع ترقیاتی کمشنر کا عہدہ سنبھالا۔ عابد رشید شاہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کے بطور تعینات ہونے کے بعد اسلام آباد میں ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر محمد یونس ملک کو ترقی دیکر ضلع ترقیاتی کمشنر اسلام آبادتعینات کیا گیا ۔ محمد یونس ملک نے ضلع ترقیاتی کمشنر اسلام آباد(اننت ناگ) کا عہدہ سنبھالتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ملازمین انہیں وہی تعاون پیش کریںگے،جس طرح پہلے فراہم کرتے تھے۔ملازمین کے علاوہ عام لوگوں نے بھی محمد یونس ملک کو ضلع ترقیاتی کمشنر اسلام آبادتعینات کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے موصوف کو ایک با صلاحت و ایماندر افسر قرار دیا۔ 
 

موجودہ صورتحال تشویشناک

پیپلز لیگ/فریڈم لیگ

سرینگر// پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دلی ریاست میں مسلم تشخص کو مٹانا چاہتی ہے، جس کے خلاف عوام کو ذہنی طور تیار رہنے کی ضرورت ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے  35Aپر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جموں کشمیر میں مسلم اکثریتی شناخت ختم کرنے میں مصروف عمل ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ادھر  پیپلز فریڈم لیگ نے کالج طالب علم گوہر احمد ساکن ناگہ بل شوپیاں کی مشکوک حالت میں ہوئی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔لیگ ترجمان نے انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخر کشمیری قوم اپنے لخت جگروں کو کب تک کاندھا دیتی رہے گی ۔ لیگ ترجمان نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا ایک بااثر اورمثبت کردار ادا کرے تاکہ ریاست میں خون خرابہ کو بند کیا جا سکے۔
 

سرینگراور جموں میں   9 ستمبر کو لوک عدالت  

سرینگر//جموں و کشمیر ہائی کورٹ لیگل سروسز کمیٹی کے مطابق مختلف نوعیت کے قانونی معاملات کو نمٹانے کیلئے 9 ستمبر 2017 کو سرینگر اور جموں میں ایک قومی لوک عدالت منعقد ہو رہی ہے ۔ قومی لوک عدالت میں پری لٹی گیشن اور دیگر التوا میں پڑے فوجداری معاملات ، دفعہ 138 کے تحت این آئی ایکٹ معاملات ، بنک ریکوری معاملات ، ایم اے سی ٹی اور خانگی معاملات ، بجلی اور واٹر بلوں سے متعلق معاملات ، مال اور دیگر سول بشمول کرایہ وغیرہ سے متعلق معاملات کی شنوائی ہوگی۔ خواہشمند افراد /مدعیان جو اس عدالت کے ذریعے اپنے معاملات حل کرانا چاہتے ہیں وہ اپنے معاملات رجسٹرار جوڈیشل ہائی کورٹ ونگ سرینگر اور سیکریٹری ایچ سی ایل ایس سی فرنٹ آفس سرینگر ( اگر معاملہ ہائی کورٹ شاخ سرینگر میں زیر التوا ہو ) اور رجسٹرار جوڈیشل ہائی کورٹ ونگ جموں اور سیکریٹری ایچ سی ایل ایس سی فرنٹ آفس جموں ( اگر معاملہ ہائی کورٹ کی جموں شاخ میں زیرالتوا ہو ) کے دفاتر سے رابطہ قایم کریں ۔ 
 
 

 ریاست بھر میں جائید اد 

مہاجرین کے تحفظ پر ویری کازور 

سرینگر// مال ، امداد اور باز آ بادی کاری کے وزیرعبدالرحمان ویری نے ریاست میں جائیداد مہاجرین کے تحفظ پر زور دیا ۔وزیر موصوف سرینگر میں مختلف مقامات پر مہاجرین کی املاک کا جائزہ لے رہے تھے ۔ ان کے ہمراہ رکن اسمبلی بٹہ مالو نور محمد شیخ ، کسٹوڈین جنرل جے اینڈ کے ، کسٹوڈین کشمیر اور مال اور کسٹوڈین محکموں کے افسران تھے۔وزیر نے گنڈ حسی بٹ ، پنزی نارہ ، برتھنہ اور ٹینگہ پورہ کا دور ہ کیا اور ان علاقوں میں کسٹوڈین املا ک سے متعلق تفصیلات طلب کیں۔انہوں نے معاہدہ کی تاریخ ، کرایہ کی ادائیگی اور معاہدے سے متعلق دیگر تفاصیل کسٹوڈین حکام سے طلب کی۔ انہونے ان معاہدوں پر من و عن عمل کرنے پر زور دیا۔ویری نے محکمہ کسٹوڈین کو تمام کسٹوڈین املاک کی مکمل فہرست مرتب کرنے کے لئے کہا۔ محکمہ کی افادیت کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ کو نہ صرف کسٹوڈین جائیداد کی تحفظ کرنا ہوگا بلکہ اس املاک سے آمدن کے حصول کے لئے اختراعی اقدامات اُٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں جگہوں پر اراضی کا محکمہ بھر پور استعمال کر کے آمدن حاصل کرسکتا ہے۔وزیر نے کسٹوڈین اور مال محکموں کے مابین قریبی تال قائم کرنے پر زوردیا تاکہ ریاست بھر میں کسٹوڈین املاک کا تحفظ یقینی بن سکے ۔انہوں نے محکمہ کے کام کاج شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔