مختصر خبریں

رانی بلوریہ کی صدارت میں ایتھکس کمیٹی کی میٹنگ 

جموں//جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کی ایتھکس کمیٹی کی ایک میٹنگ آج ایم ایل سی رانی گارگی بلوریہ کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر کمیٹی کے کام کاج سے متعلق مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیااور چیئرپرسن نے ایوان کے اندر اور ایوان سے باہر ارکان کی طرف سے اخلاقی اقدار پر عمل پیرا رہنے پر زور دیا ۔ ارکان قانون سازیہ سریندرموہن امباردار اور وبودھ گپتا نے میٹنگ میں شرکت کی اور ایتھکس کمیٹی کے کام کاج کے حوالے سے اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔کمیٹی نے کہا کہ وہ ارکان کو عوامی نوعیت کے معاملات سیشن کے دوران اُبھرنے کا بھرپور موقعہ دے گی ۔کمیٹی نے تجویز دی کہ ارکان کو پہلے سے ہی اپنے سوالات کونسل سیکرٹریٹ کو پیش کرنے چاہئیں تاکہ متعلقہ محکموں سے تفصیلی جواب مل سکے۔کونسل سیکرٹریٹ کے کئی اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
 
 

وزیرا علیٰ کا چنینی سڑک حادثے پر دُکھ کا اظہار

جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ادھمپور ضلع کے چنینی علاقے میں پیش آئے سڑک حادثے میں 6افراد کی ہلاکت پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کی ابدی سکون کے لئے دعا کی۔محبوبہ مفتی نے اس حادثے میں زخمی ہوئے افراد کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ادھمپور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات دستیاب کریں۔وزیر اعلیٰ نے ٹریفک حکام کو قومی شاہراہ کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر بھی ٹریفک قوانین کی سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ اس طرح کے حادثات کو روکا جاسکے۔
 
 

 مسلم لیگ کارکن سے تحریک حریت کی تعزیت پرسی

سرینگر// تحریک حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے مسلم لیگ سے وابستہ بشیر احمد بٹ ساکن چھون بڈگام کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔اس دوران گیلانی کی ہدایت پر سید امتیاز حیدر، محمد مقبول گنائی، غلام رسول کاراور حاجی غلام حسن بٹ پر مشتمل وفد نے بشیر احمد بٹ کے گھرجاکرسوگوار کنبے سے تعزیت کی ۔دریں اثناء پیپلز لیگ کے ایک دھڑے نے رنج و غم کا اطہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم کا ایک وفدسینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی کی قیادت میں چھون جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پر سی کی ۔
 
 

فرنٹ کا پارٹی کارکن سے اظہار تعزیت

سرینگر// لبریشن فرنٹ نے ضلع گاندربل میں اپنے دیرینہ رکن مشتاق احمد ساکن کورگ کی دادی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ فرنٹ کے ضلع صدر بشیر احمد راتھر (بویا)نے مرحومہ کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی اور غمزدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ 
 
 
 
 
 
 

ممبراسمبلی گاندربل کا چاچا فوت

ڈاکٹر فاروق سمیت دیگر پارٹی لیڈران کا اظہار یکجہتی
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈر اور ممبراسمبلی گاندربل شیخ اشفاق جبار کے چاچاحاجی محمد حسن شیخ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور سوگورکنبے سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، پارٹی کے سینئر لیڈر و ممبراسمبلی کنگن میاں الطاف احمد، حاجی محمد سعید آخون، تنویر صادق اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فاروق نے وادی کے معروف نعت خواں ابوالحسن فاروقی ساکن حضرت بل کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے حضرت بل جاکر فاروقی خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
 
 

موجودہ سرکارمیں بنیادی مسائل نظرانداز:وکیل

سرینگر// جموں و کشمیر بچاؤ تحریک کے صدر عبدالغنی وکیل نے ریاستی سرکار کو بجلی کے ناقص انتظام کیلئے آڑے ہاتھوں لیا ۔اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ سرکار اپنی توجہ زیادہ تر سیاسی معاملات کی طرف مبذول کر رہی ہے اور عوامی مسائل مکمل طور نظر انداز کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی نظام ٹھیک نہ کرنے کی وجہ سے عوام گونا گوں مشکلات سے دوچار ہیںلیکن سرکار تماشا دیکھ رہی ہے۔وکیل نے کہا کہ رفیع آباد کے بیشتر دیہات خاص کر ڈنگی وچھ سے لے کر حمام مرکوٹ تک اور ربن نو پورہ سے لیکر بر امن اور بلہامہ تک بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرا ہی اندھیرا ہے لیکن سرکار کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ عوام کی مشکلات اور پریشانیوں کو مد نظر رکھ کر موسم سرما میں سرینگر سیکرٹریٹ میں وزراء کی ایک ٹیم کو تعینات کیا جائے۔