مختصر خبریں

پونچھ کی طالبہ کو وزیر تعلیم کے ہاتھوں اعزاز 

حسین محتشم 
پونچھ//جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے تحت 2011 سے اس وقت تک دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو کابینہ وزیر برائے محکمہ تعلیم محمد الطاف بخاری کے ہاتھوں اعزازات سے نوازا گیا ۔ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ اس تقریب میں کمشنر سیکریٹری فاروق احمد شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر سرحدی ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے تین طلبہ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ پونچھ کے تین امیدوروں میں کلائی سے تعلق رکھنے والی آفرین خالد کوہلی ساکن کلائی (2013ن میں 98% نمبرات کے ساتھ دسویں میں پہلی پوزیشن حاصل کی ،جو اس وقت میڈیکل کالج کشمیر سے میڈیسن اور سرجری کی تعلیم حاصل کررہی ہے ۔ ان کے علاوہ دو مزید امیدواروں میں منجوت کورسدھن اور رام پمبیر سنگھ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس حوالہ سے کرائسٹ سکول پونچھ کے پرنسپل فادر مییتھیو نیل یدتھ نے طلبہ کو مبارکبادپیش کرتے مزید محنت کی تلقین کی ۔
 

مینڈھر میں کئی ملازمین عہدے سے سبکدوش 

جاوید اقبال
مینڈھر//محکمہ تعلیم سے کئی ملازم اور افسران عہدے سے سبکدوش ہوگئے ۔ان میںسینئر لیکچرار محمد شاہنواز قاضی اور سینئر ماسٹر محمد اخلاق خان بھی شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے سکولوں کے علاوہ اپنے گھر پر بھی شاندار پروگرام کا انعقاد کیا جس میں محکمہ تعلیم کے ملازمین کے علاوہ بڑی تعداد میںلوگوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر انہوںنے دونوں ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے اساتذہ کا اب ملنا بہت مشکل ہے اور سینئر لیکچرار محمد شاہنواز قاضی اور سینئر ماسٹر اخلاق خان نے اپنی سروس کے دوران محکمہ میں بچوں کی بڑ ھ چڑھ کر خدمت کی اور دل لگی سے بچوں کو پڑھایا۔انہوںنے کہا کہ الوداعی تقریب پر سکولی بچوں نے بھی ان اساتذہ کو الوداع جب کیا تو بچوں کی آنکھوں میں آنسو دکھائی دئیے ۔
 

چوٹیاں کٹنے پر تشویش کااظہار 

مینڈھر//کانگریس کی ریاستی سیکریٹری پروین سرور خان نے حکومت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خطہ پیر پنجال میں چوٹیاں کاٹنے کا سلسلہ تھمنے کانام نہیں لے رہالیکن ابھی تک یہ معاملہ معمہ بناہواہے اور پولیس تحقیقات کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ایک پریس بیان میں انہوںنے کہا کہ یہ ریاستی حکومت کے لئے لازمی ہے کہ وہ ان واقعات پر اپنی پوزیشن واضح کرے کیونکہ یہ واقعات پریشان کن ہیں کیونکہ لوگوں کی جانب سے فورسز اور سرکار پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ وہ فوراً ایسے افراد کی نشان دہی کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں کیونکہ اگر چوٹیاں کٹنے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو علاقہ میں اور زیادہ خوف و حراس پھیل جائے گا۔ 
 

مینڈھر میں حسینی مجلس کا اہتمام 

جاوید اقبال
مینڈھر//گورنمنٹ بوائز ہائر سکنڈری سکول مینڈھر میں سید نا طق حسین جعفری وائس پرنسپل کی زیر نگرانی ایک حسینی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں اسکول کے طلبہ اور اساتذہ نے بڑھ چڑ کر حصہ لیا۔ اس حسینی مجلس میں طلبہ نے نعت ،نوحے اور تقاریر پیش کیں۔ پرواز احمد اسکول ٹیچر نے کربلا کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امام حسین ؑ نے اپنے اور اپنے ساتھیوں کی قربانی پیش کرکے رہتی دنیا تک اسلام کو بچالیا ۔ سید ناطق حسین جعفری نے اپنے صدارتی خطبے میں کربلا میں پیش آنے والے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ امام نے ایسی قربانی پیش کی کہ یزیدیت کا رہتی دنیا تک نام مٹ گیا اور اسلام زندہ جاوید بن گیا۔
 

محکمہ تعلیم کی ملازمہ سبکدوش 

طارق شال
تھنہ منڈی // کلثوم شال محکمہ تعلیم میں خدمات پیش کرنے کے بعد سبکدوش ہو گئی۔ تعلیمی زون تھنہ منڈی کے مڈل اسکول اسلام پور میں تعینات کلثوم شال جنہوں نے محکمہ تعلیم میں مختلف زونوں میں 35 سال خدمات پیش کرتے ہوئے اہم کردار ادا کیا،آج سبکدوش ہوگئیں۔کلثوم شال سا ل 1981 میں محکمہ تعلیم میں تعینات ہوئی تھی۔ان کے اعزاز میںمڈل اسکول اسلام پور میں ایک الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی دیوان چند ٹھاکر، ہیڈ ماسٹر مشتاق خان، ہیڈ ماسٹر شکیل گنائی، ہیڈ مسٹر س ساجدہ شال ،کبیر مرزا،گلشن شیخ فیزیکل ٹیچر کے علاوہ اسکولی عملہ ، طلبہ اور زون کے اسٹاف ممبران نے شرکت کی۔ زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی نے کلثوم اختر کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کلثوم شال وقت کی پابند استانی تھی جو ہمیشہ اسکول میں وقت پر آیا کرتی تھی۔
 

میڈیکل بورڈ ریکارڈ ضبط کرلیاگیا

سمت بھارگو
راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری نے ضلع کا میڈیکل بورڈ ریکارڈ ضبط کرلیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری اے ایس چب نے اچانک چیف میڈیکل افسر راجوری کے دفتر کا معائنہ کرکے ساراریکارڈ ضبط کرلیا ۔ذرائع نے بتایاکہ میڈیکل بورڈ سے متعلق ریکارڈ ضبط کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ ضبط کیاگیا ریکارڈ جسمانی طور پر ناخیز افراد کو دی جانے والی اسناد سے متعلق ہے ۔انتظامیہ کے ایک افسر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن ریکارڈ ضبط کیاگیاہے ۔
 

انیس سال سے لاپتہ نوجوان کوگھروالوںسے ملایاگیا

سمت بھارگو
راجوری //پولیس نے انیس سال سے لاپتہ ایک نوجوان کو اپنے گھروالوں سے ملانے کا دعویٰ کیاہے ۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ محمد رشید ولد نذیر حسین ساکن منگروٹ کالاکوٹ 1998میں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگیاتھا جس کو بہت تلاش کیاگیالیکن وہ کہیں نہ ملا ۔ اس سلسلے میں ایک گمشدگی رپورٹ بھی پولیس تھانہ کالاکوٹ میں درج ہوئی لیکن پچھلے انیس سال سے اس کا کوئی پتہ نہیں چل پارہاتھا۔انہوںنے مزید بتایاکہ حال ہی میں پولیس کو یہ اطلاع ملی کہ ایک شخص جو محمد رشید سے ملتاجلتاہے ۔ کو نڑوال جموں کے علاقے میں دیکھاگیاہے ۔جس پر پولیس تھانہ کالاکوٹ سے ایک ٹیم نے ایس ایچ او درشن سنگھ کی قیادت میں نڑوال علاقے کا دورہ کیا اور اس شخص کو پکڑ کر اسے واپس کالاکوٹ لایا۔انہوںنے بتایاکہ یہی شخص محمد رشید نکلا جس کو پولیس نے اس کے گھر والوں کے ساتھ ملالیا اور ساتھ ہی قانونی لوازمات بھی پورے کئے گئے ۔