مختصر خبریں

۔10ویں اور 12ویں جماعت کے امتحانات

 گولڈن ٹسٹ میں شمولیت لازمی

 سرینگر// ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این اتو نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پری بورڈ/ گولڈ ٹسٹ سالانہ بورڈ امتحان میں شامل ہونے کے لئے تمام طُلاب کے لئے لازمی ہیں۔ ڈائریکٹر نے ہدایات دیں کہ طُلباءکو اس بات سے باور کرایا جانا چاہئے کہ گولڈن ٹسٹ میں ناکامی کی صورت میں انہیں دسویں اور 12 ویں جماعت کے سالانہ امتحان میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثنا ناظم تعلیم نے کشمیر وادی سے تعلق رکھنے والے61 آر ای ٹیز میں باقاعدگی کے آرڈر جاری کئے۔
 

میرواعظ کی خانہ نظربند،حریت (ع) نے آمریت قرار دیا

سرینگر//حریت (ع) نے چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی ایک بار پھر خانہ نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میرواعظ کو ریاستی انتظامیہ نے موصوف کی پُر امن دینی،سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پر قدغن لگاکر آمریت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق میرواعظ کو حضرت امام حسین ؑ کو خراج عقیدت ادا کرنے کےلئے ایک سمینار میں شرکت کرنا تھا تاہم اس کی اجازت نہیں دی گئی جو قابل مذمت طرز عمل ہے۔ ترجمان نے کشمیر اور کشمیر سے باہر مختلف جیلوں اور انٹراگیشن سنٹروں میں مزاحمتی رہنماﺅں ، سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں کو مقید رکھنے کی کارروائیوں کو بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں بیشتر قیدیوں کی صحت خراب ہوچکی ہے ۔ترجمان نے حقوق البشرکی بین الاقوامی تنظیموں ایمنٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں مو¿ثر اور فوری اقدامات کریں اور تمام سیاسی نظر بندوں کی بلا مشروط رہائی یقینی بنائےں۔
 

اشٹنگو اور کہنوسہ میں پینے کا پانی نایاب 

عازم جان 
بانڈی پورہ//اشٹنگو اور کہنوسہ میں پانی کی نایابی کے خلاف عوام نے سوپور بانڈی پورہ شاہراہ پر دھرنا دیکر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کیا۔ دھرنا پر بیٹھے احتجاجی افرادنے کہا کہ پانی کی سپلائی بار بار معطل رہنے سے وسیع آبادی کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔ قوئل ،ملنگام اور آلوسہ گھاٹ ودیگر پہاڑی علاقوں میں بھی پینے کا صاف پانی نایاب ہے۔ لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ متعلقہ محکمہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے ۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سجاد حسین گنائی نے کہا کہ ایگزیکٹیوانجینئر کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان علاقوں میں فوری طور پر پانی کی سپلائی بحال کریں۔ 
 
 

چندوسہ میں ریچھ کا حملہ،پونچھ کا نوجوان زخمی

ٹنگمرگ //بانڈی بالا چندوسہ میں ریچھ نے ایک نوجوان پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔ بانڈی بالا چندوسہ میں بدھ کی شام مویشوں کو واپس پونچھ لیکر جارہے ایک 25 سالہ نوجوان ذیشان نور چیچی ولد شاہ پال چیچی ساکن چیلاس پونچھ پر حملہ کیاجس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ۔مذکورہ نوجوان کو فوری طور سب ڈسٹرکٹ اسپتال ٹنگمرگ پہنچایا گیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے جے وی سی اسپتال سرینگر منتقل کرنے کے احکامات صادر کئے۔(مشتاق الحسن)