مختصر خبریں

کپوارہ ملٹری انجینئرنگ ونگ

 سی بی آئی کا چھاپہ ،ریکارڈ ضبط 

اشرف چراغ 
کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ میں سی بی آئی نے ملٹری انجینئرنگ دفتر میں چھاپہ ڈال کر اہم ریکارڈ ضبط کر لیا اور تحقیقات شروع کی ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سی بی آئی کو ایک مصدقہ اطلاع ملی کہ کپوارہ میں قائم ملٹری انجینئرنگ سروس دفتر میں قائم عملہ نے کسی سے رشوت کا تقاضا کیا جس کے بعد سی بی آئی نے جمعرات کی شام کو چھاپہ ڈال دیا اور وہا ں اہم ریکارڈ ضبط کر لیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی بی آئی نے رشوت خوری کے الزام میں کئی ملازمین کی تلاش شروع کی اور فوری طور کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی تاہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتاری ممکن ہے ۔
 

 سی آر پی ایف اہلکار

کی پانپور میں خود کشی

نیوز ڈیسک
سرینگر// پانپور میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلاکر خودکشی کرلی۔پولیس نے بتایا کہ پانپور گرڈ اسٹیشن میں تعینات سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل اے کے داس نے اپنی سروس انساس رائفل سے خود پر گولی چلائی۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ 
 

دسہرہ پر محبوبہ مفتی اور نرمل سنگھ کی مبارکباد

سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ریاستی عوام کو دسہرہ کے موقعہ پر مبارک باد دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اس تہوار سے بدی پر نیکی کی جیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کویہ فخر حاصل ہے کہ یہاں ہر مذہب اور طبقے کے تہوار گرمجوشی اور مل جل کر منائے جاتے ہیں۔محبوبہ مفتی نے اس موقعہ پر ریاستی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دُعا کی۔ادھر نرمل سنگھ نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کی ایک نوید لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تہواروں سے ریاست میں مذہبی روا داری، آپسی بھائی چارے اور اخوت کے رشتے مزید مستحکم ہوتے ہیں۔
 

قیوم نجار کو تحریک حریت کا خراج عقیدت 

سرینگر//تحریک حریت کے بشیر احمد قریشی، شاہ ولی محمد اور ضلع کے دوسرے ذمہ داروں پر مشتمل وفد نے عبدالقیوم نجار کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے اپنی پوری زندگی اسلام اور آزادی کے لیے وقف کی اور جموں وکشمیر پر قبضے کو ختم کرنے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ تک پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ موصوف ایک طویل عرصے سے میدانِ کارزار میں مصائب اور مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے آزادی کی شمع کو فروزاں رکھے ہوئے تھے۔ انہوںنے کہاکہ اس دوران اُن کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کو بھی بے پناہ مصائب، مشکلات اور مظالم کا مقابلہ کرنا پڑا، لیکن تحریکِ آزادی کے اس سپاہی کے پایہ استقامت میں لغزش نہیں آپائی اور دمِ آخریں تک استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ 
 

درگمولہ کا شہری لاپتہ ،لواحقین میں تشویش 

کپوارہ//اشرف چراغ //درگمولہ کپوارہ میں ایک جو اں سال شہری جاوید اقبال کمار ولد عبدالرشید ساکن مقام شاہ ولی گزشتہ5روز سے لاپتہ ہے جس کے نتیجے میں لواحقین میں سخت تشویش پائی جارہی ہے ۔جاوید کمار 5روز قبل گھر سے نکلا لیکن واپس نہیں لوٹا ۔لواحقین نے بتا یا کہ جاوید اقبال جسمانی اور ذہنی طور کمزرو ہے اور اس سلسلہ میں پولیس میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ 
 

زاہد علی کی مسلسل گرفتاری عناد

سرینگر//مسلم لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی کی مسلسل گرفتاری کو عناداور انتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ سجاد ایوبی نے کہاکہ زاہد علی کو بے بنیاد اور من گھڑت کیسوں میں پھنسانا محبوب مشغلہ بن چکا ہے کیونکہ ایڈوکیٹ زاہد علی کی دوبارہ گرفتاری کو جواز بخشنے کے لئے جن فرضی باتوں کا سہارا لیا گیا ہے اُس کا نہ کہی سر ہے اور نہ پیر بلکہ یہ ان کو ذہنی و جسمانی پریشانی میں مبتلا کرنے کا ایک ناکام حربہ ہے۔ 
 

رمضان خان کو جموں جیل منتقل کرنے کی مذمت 

سرینگر//پیپلز فریڈم لیگ ترجمان نے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان کی تنظیم کے دفتر واقع راجباغ سے بلا جواز گرفتاری ،ان پر بدنام زمانہ PSA کے اطلاق اور کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کرنے کی مذمت کی۔ ترجمان نے ریاستی انتظامیہ کے اس قدم کو سراسر جارحیت اور حریت قائدین کی پرُ امن سیاسی سرگرمیوں کو طاقت کے بل پر مسدود کرنے کے اُوچھے ہتھکنڈے قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری سطح پر اس قسم کے حربے مبنی برحق جدوجہد میں مصروف حریت قیادت کے حوصلوں کو کمزور نہیں کرسکتے ۔
 

فوطیدار کی وفات پر ویری اور سوز کا اظہار رنج

سرینگر// مال، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری اور سابق پردیش کانگرنس صدر پروفیسر سیف الدین سوز نے سنیئر کانگریس لیڈر مکھن لال فوطیدار کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ویری نے فوطیدار کو ملک کا ایک عظیم لیڈر قرار دیا جو ملک کے جمہوری نظام میںیقین رکھتے تھے اور جنہوں نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کی۔انہوں نے آنجہانی کو نئی پود کے لئے ایک مشعل راہ قرار دیا۔ادھرپروفیسر سوز نے کہاکہ ’’میں اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت میں برابر کا شریک ہوں۔ــ‘‘
 

اننت ناگ کے شہری پر سیفٹی ایکٹ ،کٹھوعہ منتقل

اننت ناگ//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جمعہ کو ایک 47سالہ شخص کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے کٹھوعہ منتقل جیل کردیا ہے۔ اولڈ ٹائون اننت ناگ  کے مٹن اڈا علاقے سے تعلق رکھنے والے خورشید احمد لون کو پچھلے ہفتے گرفتار کرکے صدر پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں رکھا گیا تھا ۔ لون پیشے سے تاجر ہے۔ پولیس دستاویز کے مطابق خورشید احمد لون علاقے میں لوگوں کو تشدد کیلئے اکساتا تھا تاہم مذکورہ نوجوان کے لواحقین نے پولیس کے ان الزامات کو رد کیا ہے۔ خورشید احمد لون کو سال 2011میں سات سال بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا کیونکہ ان کا تعلق جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کے سات تھا۔ خورشید احمد لون کی اہلیہ نے بتایا کہ انہیں جیل میں کافی اذیتیں دی گئی تھیں جس کی وجہ سے انکے گردوں ، انکھوں اور دل میں مختلف مرض پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا شوہر تجارت کررہا تھا جبکہ پولیس انکے شوہر کو بغیر  وجہ تنگ و طلب کررہی تھی۔ 
 

تحریک حریت رکن 6روزہ پولیس ریمانڈ میں

سرینگر// پولیس نے تحریک حریت کے کارکن عمر عادل کو پلوامہ عدالت میں پیش کیا جہاں سے ان کے خلاف 6دن کی ریمانڈ حاصل کی گئی ۔واضح رہے کہ عمر عادل کو پولیس نے4ستمبر کو نوگام سے گرفتار کرکے پولیس تھانہ ہمہامہ پہنچایا اور انہیں13یو ایل اے دفعات کے تحت قید کیا گیا ۔عمر عادل نے25ستمبر کو عدالت سے ضمانت حاصل کی تاہم انہیں 27ستمبر کو جے آئی سی منتقل کیا گیا جس کے بعد کاکہ پورہ پولیس نے انہیں 28ستمبر کو پلوامہ عدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیا۔عدالت نے انہیں6روز کی ریمانڈ پر پولیس ک تحویل مین دینے کے احکامات صادر کئے
 

گاندربل میںجڑی بوٹیاں ضبط،2گرفتار 

گاندربل//ارشاد احمد//کوندہ بل گاندربل رابطہ سڑک پرغیر قانونی طریقے سے جنگلی جڑی بوٹیاں برآمد کرکے دو افراد کو گرفتارکیاگیا۔ پولیس کے بیان کے مطابق دوران ناکہ پولیس پارٹی جس کی قیادت ایس ایچ او صفاپورہ مدثر زرو کررہاتھا، نے مشتبہ حالت میں بیگ لے جارہے 2افراد سے جنگلی جڑی بوٹیاں )پتری (بھاری مقدار میں برآمد کی۔پولیس نے بشیر احمد لون اورمحمد رفیق ماگرے کو گرفتارکرکے ایف آئی آرزیر نمبر 36/17درج کرلیا۔
 

شاہ نگری ماور کے جنگلی علاقہ کا محاصرہ 

فوج نے دن بھر تلاشی کاروائی انجام دی 

اشرف چراغ 
کپوارہ// فوج نے ماور علاقہ کے شاہ نگری جنگلات کا محاصرہ کر کے تلاشی کاروائی شروع کی جو جمعہ کی سہ پہر تک جاری رہی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ30راشٹریہ ائفلز نے جمعہ کی علی الصبح کو شاہ نگری ماور علاقہ کے جنگلی علاقہ کا محاصرہ کیا اور وہا ں تلاشی کاروائی شروع کی ۔ذرائع نے بتا یا کہ فوج کو ایک اطلاع مو صول ہوئی تھی کہ شاہ نگری کے جنگلات میں جنگجوئو ں کی نقل و حرکت کو دیکھا گیا جس کے بعد علاقہ کے ایک وسیع حصہ کو محاصرہ میں لیا گیا اور جمعہ کی سہ پہر تک مزکورہ جنگلات کی چھا ن مار دی تاہم ذرائع کے مطابق فوج کو وہا ں سے کچھ نہیں ملا ۔