سوپور میںتیندوے کے حملے میں نوجوان زخمی
غلام محمد
سوپور//سوپور کے تارزو علاقے میںاس وقت خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوا جب یہاں کے ایک میوہ باغ میں35سالہ نوجوان منظور احمد ڈار ولد غلام محمد ڈارپرایک تیندوے نے حملہ کیا اور اسے شدید طور زخمی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خبر علاقہ میں پھیلتے ہی لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا ہوا اور خاصکرمیوہ باغات میں کام کرنے والے افراد بھی باغات چھوڑ کر بھاگ گئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے علاقہ میں تیندوے کی موجودگی سے لوگوں میں کافی خود و دہشت پایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران تیندوے نے درجنوں گھوڑوں اور کتوں کو کاٹ کھایاجبکہ محکمہ وائلڈ لائف اس کو پکڑ نے میں ناکام ہوا۔
سوچھ بھارت مشن کے تحت دیوسر کولگام میں بیت الخلاء تعمیر
پیسے واگزار کرنے میں لیت و لعل
نمائندہ عظمیٰ
سرینگر// محکمہ دیہی ترقی نے مرکزی معاونت والی سکیم سوچھ بھارت مشن کے تحت ایک برس قبل کولگام کے دیوسر علاقوں میں بیت الخلا ء تعمیر کروائے گئے تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود لوگوں کو واجب الادا رقومات واگزارنہیں کئے جارہے ہیں۔ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دیوسر بلاک کے تحت آنے والے علاقے کے کئی دیہات میں ایک سال قبل محکمہ نے مقامی آبادی کو مرکزی معاونت والی اسکیم ’سوچھ بھارت ابھیان‘ کے تحت بیت الخلاء سہولیات سے محروم لوگوں کو بیت الخلا ء تعمیر کرنے کے لئے کہا ۔ سکیم کے تحت ہر ایک کنبے کو بیت الخلا ء تعمیر کرنے کے عوض بارہ ہزار روپے دنے کا یقین دلایا گیالیکن علاقے کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ ہم نے بلاک ڈیولپمنٹ آفس دیوسر کے کئی چکر کاٹے لیکن وہاں تعینات اہلکار ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں‘‘ ۔انہوں نے بتایا ’’ ہم نے سیمنٹ اور لوہا دکانداروں سے ادھار پرلیا تھا تاہم ایک سال کا وقفہ گزرنے کے بعد اب دکاندار بھی آئے روز تقاضے کرنے لگے ہیں ‘‘۔ وفد نے اس سلسلے میں حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ خیال رہے کہ مرکزی معاونت والی یہ اسکیم سماج کے کم آمدن والے ان گھرانوں کے لئے معرض وجود میں لائی گئی ہے۔ضلع پنچایت افسر کولگام نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جو سروے محکمہ نے کی تھی اُس میں جن لوگوں کے نام آئے تھے انہیں پیسہ واگزار کیا گیا ہے اور جو لوگ رہ گئے ہیں ،وہ بلاک ڈیولپمنٹ افسر دیوسر سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔بلاک ڈیولپمنٹ افسر دیوسر نے اس حوالے سے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سکیم کے تحت پیسہ آرہا ہے اور جن لوگوں کو ابھی پیسے نہیں ملے ہیں ،انہیںعنقریب پیسہ فراہم کیا جائے گا ۔
ماگام میں امریکہ اور اسرائیل مخالف ریلی
سرینگر//امریکی صدر کی بیت المقدس سے متعلق حالیہ جارحانہ بیان کے ردعمل میں تنظیم المکاتب ماگام کی جانب سے دفاع بیت المقدس کے عنوان سے ایک اجتماعی علاقائی ریلی کا انعقاد ہوا جس میں زون ماگام سے وابستہ مکاتب کے طلاب، مدرسین ، متعلقہ علاقائی نوجوانوںاور بزرگوں نے نہایت پرجوش انداز میں شرکت کر کے امریکہ اور اسرائل کے خلاف احتجاج کیا۔ فلسطینی مسلمانوں اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں نعرہ لگاتے ہوئے یہ احتجاجی ریلی ماگام بازار سے گزر تے ہوئے عید گاہ ماگام میں اختتام پذیر ہوئی جہاں پرمقررین نے امریکہ اور اسرائل کے رویہ اور ٹرمپ کے حالیہ فیصلہ کی بھرپور مذمت کی گئی اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں والہانہ حمائت کا اعادہ کیاگیا۔
غلام نبی زکی کو فوراً رہا کیا جائے:حریت (ع )
سرینگر// حریت (ع)ترجمان نے جموں کشمیر عوامی مجلس عمل کے قائمقام جنرل سیکریٹری غلام نبی زکی کی سوپور تھانے میں گذشتہ پانچ روز سے نظربندی پر گہری فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری رہائی پر زور دیا ہے۔بیان کے مطابق غلام نبی زکی امراض قلب کے ساتھ ساتھ کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔
+