محکمہ ہارٹی کلچر…راجوری کے 5 بلاک خالی،کام کاج بری طرح متاثر

تھنہ منڈی// ضلع راجوری میں محکمہ ہارٹی کلچر کے 11 بلاک ہیں جن میں سے پانچ بلاک خالی پڑے ہیں جن میں کوئی افسر ہی تعینات نہیں جس وجہ سے ضلع میں کام کاج بری طرح سے متاثر ہورہاہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ ضلع راجوری میںہارٹی کلچر ڈیولپمنٹ افسران کی گیارہ اسامیاں ہیں جن میںسے پانچ خالی پڑی ہوئی ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع کافی حد تک معیشت میں باغبانی کے شعبے پر انحصار کرتاہے ۔ اس شعبہ کے ذریعہ دو موسموں میں باغبانی کے فروغ کے لئے پودے لگائے جاتے ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ اگرا س شعبے کے تحت صحیح ڈھنگ سے کام کیاجائے تو یہاں بیروزگاری بھی کم ہوسکتی ہے لیکن نہ جانے کیوں افسران کو تبدیل کرکے بلاک خالی کردیئے جاتے ہیں جس سے کام کاج متاثر ہورہاہے ۔ اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ضلع ہارٹی کلچر آفیسر راجوری سردار کرتن سنگھ رینہ نے بتایا کہ ضلع راجوری کے ہارٹی کلچر آفیسران کو کشمیر میں لگایا گیا تھا، کچھ نے تبادلے کے سلسلہ میں عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا یا ہے اور کچھ لوگوں نے جوائن ہی نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت راجوری کے منجا کوٹ،تھنہ منڈی،درہال،کالا کوٹ اور تریاٹھ بلاک خالی پڑے ہوئے ہیں۔تاہم انہوںنے کہا کہ محکمہ کے کام کاج کو متا ثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں شعبہ باغبانی کو فروغ دینے کے بہترین مواقع موجود ہیںاورراجوری کی آب و ہوا اور زرخیز مٹی وادی کشمیر سے ملتی جلتی ہے تاہم مواقعوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔