محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کا احتجاج

پونچھ//محکمہ پی ایچ ای کے ڈیلی ویجر ملازموں کی جانب سے مطالبات کے حق میںاحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاج کے دوران عارضی ملازموں کی بڑی تعداد موجود رہی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ سرکار بھی سابقہ سرکاروں کی طرح ان کے ساتھ ناانصافی جاری رکھے ہوئے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بائیس بائیس سال سے محکمہ میں ڈیلی ویجر کی حیثیت سے نہایت ہی ایمانداری اور دل لگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں لیکن ان کو نہ تو وقت پر تنخواہیں فراہم کی جاتی ہیں اور نہ ہی مستقل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر پر وہ لوگ محکمہ کے افسران کے ترلے کرتے رہے کہ ان کی تنخواہ واگزار کی جائے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں لیکن انہیں تنخواہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اب ان کو تنخواہ فراہم کی گئی ہے لیکن اس کا کیا فائدہ۔احتجاج کے دوران ملازموں نے ایک بار پھر محکمہ کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی کہ وہ ان کو مستقل کریں ۔انہوں نے انتباہ دیاکہ اگر ان کے مطالبات جلد حل نہ کئے گئے تو وہ لوگ احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔