محکمہ پی ایچ ای کے عارضی ملازمین کا احتجاج

جموں //محکمہ پی ایچ ای میں عارضی بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ملازمین نے اپنی مانگوں کو لے کر احتجاج کیا ۔پی ایچ ای ایمپلائز یوناٹینڈ فرنٹ کے بینر تلے احتجاج کر رہے ملازمین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مانگوں کو سنجیدگی کےساتھ نہیں لیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔ ملازمین نے محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین کےساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا جارہا ہے جبکہ ان کا استحصال کرنے کےلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں ۔مظاہرین نے محکمہ کےخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ان کی تنخواہ کو ماہانہ بنیادوں پر وگزار کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔احتجاج کررہے ملازمین نے کہاکہ کئی ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ان کو اپنے کنبوں کا پیٹ پالنے میں مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنا چاہتے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے ان عارضی ملازمین کےساتھ تعاون نہیں کیا جا رہاہے جس سے مجبور ہو کر انہوں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا ۔مظاہرین نے کہاکہ اگر ان کی مانگوں کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی تو وہ آئندہ 25مارچ کو 24گھنٹوں کےلئے کام چھوڑ ہڑتال کرینگے۔