محکمہ موسمیات کی پلٹی

۔  ’27 جنوری تک برف باری کے کسی بڑے مرحلہ کا کوئی امکان نہیں‘ 

 
سرینگر //محکمہ موسمیات ایک مرتبہ پھر اپنی پیشگوئی سے مکر گیا  اور اب محکمہ کا کہنا ہے کہ20جنوری تک وادی میں موسم خشک رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق کشمیر وادی میں موسم کا مزاج بدلتا رہتاہے۔انہوں نے کہا کہ 20جنوری تک وادی میں موسم خشک رہے گا۔ انہوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا ہے کہ 27جنوری تک وادی میں بھاری برف باری کا امکان نہیں ہے ،تاہم کچھ ایک علاقوں میں ہلکی پھلکی برف باری یا بارشیں ہو سکتی ہیں ۔معلوم رہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی میں غلطیاں ہو رہی ہیں۔ حال ہی میں محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ 3اور4جنوری کی درمیانی رات کو وادی میں برف باری نہیں ہوگی جس کے بعد 2اور3جنوری کی درمیانی رات سے ہی وادی میں بھاری برف باری ہو گئی،جبکہ گزشتہ روز بھی محکمہ نے موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا لیکن پھر شہر او ر جنوبی کشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں برف باری ہوئی ۔ سوموار کو محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 18اور19جنوری کو کچھ ایک علاقوں میں برف باری ہونے کا امکان ہے تاہم اب محکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے ایک با ر پھر یہ کہہ دیا ہے کہ وادی میں 20تک موسم خشک رہے گا اور 27جنوری تک وادی میں برف باری کا کوئی بھی بڑا مرحلہ نہیںہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران کہیں کہیں ہلکی سی برف باری اور بارشیں ہو سکتی ہیں ۔منگل کو کشمیر وادی میں دھوپ اور چھائو کا کھیل جاری رہا اور ساتھ میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں ،تاہم شام کے وقت مطلع اَبرالود رہنے کے نتیجے میں رات کے کم سے کم درجہ حرات میں بہتری آئی ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر شہر میں سوموار اور منگل کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرات منفی0.9ڈگری سیلیشیس ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میں منفی 1.4،سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 5.3ڈگری سیلسیش ، کپوارہ میں منفی 1.4ڈگری سلسیش، کوکرناگ میں منفی 3.9اور سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 11.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ وادی اور جموں میں خشک موسم رہنے کے نتیجے میں صبح کے وقت دھند پائی جائے گی جبکہ رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھی گراوٹ دیکھنے کو ملے گی ۔