سرینگر//محکمہ موسمیات نے 11سے 15دسمبر تک پیرپنچال کے آرپار بھاری برف باری کا بگل بجا دیا ہے ۔بدھ کو محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں 11دسمبر سے 15دسمبر تک بھاری برف باری ہونے کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ کے مطابق تازہ مغربی ہوائوں نے وادی کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے اور 11دسمبر کی صبح سے اس کا اثر وادی پر پڑے گا جس کے بعد وادی کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں، لداخ اور پیرپنچال میں بھاری برف باری ہو گی۔ محکمہ کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری کے مطابق بھاری برف باری کے سبب ہوائی سروس ، جموں وکشمیر شاہراہ ، لداخ سرینگر شاہراہ کے علاوہ مغل روڑ اور دیگر بالائی علاقوں کی سڑکیں بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 11سے 13 دسمبر تک وادی، لداخ اور پیر پنچال پر بھاری برف باری ہو گی۔ 14اور 15دسمبر کو موسم ابرآلودہ رہے گا تاہم اس دوران کچھ ایک بالائی علاقوں میں برف باری اور بارشیں ہونے کا بھی امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال اس موسم کا یہ سب سے بڑا برفباری کا سیزن بھی11 دسمبرسے شروع ہو کر 15کو ختم ہو گا ۔ سونم لوٹس نے کہا کہ اس برف باری سے کسانوں کو راخت نصیب ہو گی اور ساتھ میں مٹی بھی زرخیز ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی اس ایڈوائزری کو جاری کرنے کا مقصد بھی یہی ہے کہ لوگ موسم کے متعلق بروقت جانکاری حاصل کر سکیں ۔سونم لوٹس نے کہا کہ ہم نے ایڈوائزی جاری کی ہے لیکن یہ بتانہیں سکتے ہیں کہ کیا برف باری سے یہ شاہرائیں بند ہوں گی یا نہیں تاہم مسافروں اور لوگوں کو پہلے ہی برف باری کی جانکاری ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 11دسمبر تک وادی میں موسم سرد اور خشک رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لداخ علاقے میں کم سے کم درجہ حرارت میں متواتر گراوٹ آرہی ہے وہاں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.6ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا اور وہاں کی آبادی سردی سے ٹھٹھر رہی ہے اس دوران سرینگر میں اس رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3ڈگری سلسیشن ریکارڈ گیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کردی،برفباری کا بگل بج گیا
