محکمہ مال کے افسروں پرحملہ

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں’ اپنی پارٹی‘ کے ایک ضلع ترقیاتی کونسل ممبر کو محکمہ مال کے افسر پرحملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق محکمہ مال کے اسسٹنٹ کمشنربانڈی پورہ پرویزرحیم،تحصیلدارطارق احمد شیخ ، نائب تحصیلدار عبدالرشید صوفی اور دیگر حکام کے ہمراہ کڈاراگجر بستی سڑک تعمیر کرنے کے سلسلے میں سنیچر کو سروے کرنے گئے۔ان کے ساتھ پی ایم جی ایس وائی کے انجینئربھی تھے۔سروے کے دوران ارن پنچایت بلاک کے ضلع ترقیاتی کونسل ممبرغلام محی الدین راتھر غنڈہ گردی پر اُتر آیا، نازیبا زبان استعمال کی اورمحکمہ مال کے افسروں پرحملہ آور ہوا۔اس دوران یہاں موجود پٹواریوں اور گرداوروں کے علاوہ دیگر پنچایتی اراکین نے سرکاری افسران کو بچالیا ، جس کے بعد محکمہ مال کے افسران یہاں سے چلے گئے۔اسکے بعداسسٹنٹ کمشنرنے پولیس سٹیشن میں دوران ڈیوٹی سرکاری افسران پر حملہ کرنے کی تحریری شکایت درج کرائی۔ڈی ایس پی بانڈی پورہ محمد ادریس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پولیس نے شکایت موصول ہونے کے فوراً بعد کیس زیر نمبر 170/2021زیر دفعات 307،352 اور 392  درج کیا اور موصوف ڈی ڈی سی ممبر کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا ہے۔غلام محی الدین نے آزادامیدوار کے طور پر ضلع ترقیاتی کونسل چنائو میں کامیابی حاصل کرکے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔پی ڈی پی سینئر لیڈر نظام الدین بٹ نے پیش آئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔