محکمہ مال کی کارکردگی کا جائزہ

پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے محکمہ مال کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی جس میں اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال بشیر احمد لون، ایس ڈی ایم مینڈھر ، ایس ڈی ایم سرنکوٹ، حویلی ، سرنکوٹ ، منڈی اور منکوٹ تحصیلوں کے تحصیلدار و متعدد نائب تحصیلداروںنے بھی شرکت کی ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے کاہچرائی اور سرکاری اراضی کو ناجائز تجاوزات سے بچانے ، جمع بندی کے معاملات طے کرنے ، سرکاری پروجیکٹوں کیلئے زمین کی حصولی اور روشنی ایکٹ کے تحت معاملات کے نمٹارے پر تفصیلات طلب کیں ۔یادو نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ کے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے اقدامات کریں اور تحصیلدار اپنے اپنے علاقوںمیں جمع بندی کے معاملات  حل کریں ۔ انہوںنے ہدایت دی کہ کاہچرائی اور سرکاری اراضی سے ناجائز تجاوزات ہٹائی جائیں ۔انہوںنے تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سرکاری اراضی کی شناخت کرکے اس حوالے سے رپورٹ اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال کے پاس پیش کریں تاکہ ضلع میں اس اراضی کو محفوظ کرتے ہوئے ’سٹیٹ لینڈ بینک ‘بنایاجاسکے ۔