محکمہ صحت کا سب سنٹر کھوڑی ناڑ 2برسوں سے بند

منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے سرحدی علا قوں میں قائم کر دہ محکمہ صحت کا سب سنٹر گزشتہ دو برسوں سے بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو علاقہ میں طبی سہولیات ہی میسر نہیں ہو رہی ہیں ۔مکینوں نے انتظامیہ بالخصوص متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ راجدھانی اپر پنچایت میں قائم کر دہ سب سنٹر کو ایک کرائے کے مکان میں رکھا گیا ہے تاہم گزشتہ دو برسوں سے مذکورہ سنٹر بند رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سب سنٹر کے بند ہونے کی وجہ سے علاقہ میں مکینوں کو مشکل وقت میں بھی معیاری طبی سہولیات میسر نہیں کی گئی ہیں ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ حد متارکہ کے قریب آباد ہے جہاں پر طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مکینوں کو ضلع و علاقہ کے دیگر ہیلتھ سنٹروں میں ٹھوکریاں کھانا پڑتی ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر کے بند ہونے کے سلسلہ میں متعلق محکمہ کو کئی مرتبہ جانکاری فراہم کرنے کیساتھ ساتھ عوامی مشکلات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی تاہم اس سلسلہ میں ابھی تک عملی طورپر کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گور نر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلق محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔