محکمہ صحت میںطبی ونیم طبی عملہ کی اٹیچمنٹ ختم کل تک عملہ میں معقولیت لانے کی ہدایت

پرویزاحمد
سرینگر //جموں و کشمیر سرکار نے محکمہ صحت و طبی تعلیم میں عملہ کی معقولیت اور مختلف سربراہان کی جانب سے جاری کئے گئے اٹیچمنٹ کے احکامات کو ختم کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ انڈر سیکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن وقار طالب کی جانب سے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر/جموں اور ڈائریکٹر محکمہ خاندانی بہبود و ٹیکہ کاری کے نام جاری کئے گئے حکم نامہ میں لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ’’ ملاقات‘‘ کے دوران گورنر نے مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن محکمہ میں عملہ میں معقولیت لانے اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان کی جانب سے منسلک کئے گئے احکامات کو ختم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر /جموںاور ڈائریکٹر خاندانی بہبود و ٹیکہ کاری کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ منسلک کئے گئے تمام ملازموں کی اٹیچمنٹ ختم کریں اور ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے تبادلوں کے احکامات پربھی سختی سے عمل کریں۔ حکم نامہ میں یکم نومبر 2023تک اس حوالے سے رپورٹ جمع کرنے کے علاوہ ان ملازمین کی فہرست جمع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے جو سرکاری حکم نامہ پر عمل نہیں کریں گے۔