محکمہ سیاحت کے ڈیلی ویجر5برسوں سے تنخواہوں سے محروم | لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کی اپیل

سرینگر//5برسوں سے تنخواہوں سے محروم محکمہ سیاحت کے عارضی ملازمین نے سوموار کو پریس کالونی میں احتجاج کرتے ہوئے انکی مستقلی اور تنخواہوں کی واگزاری کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔محکمہ سیاحت کے ڈیلی ویجر ٹورازم کیجول لیبرس یونین کے جھنڈے تلے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اْٹھا رکھے تھے جن پر’’ ہمارے ساتھ انصاف کرو،2014سے تنخواہیں واجب الادا‘‘اور دیگر مطالبات کو تسلیم کرنے کے نعرے درج تھے۔احتجاجی ملازمین نے بتایا کہ وہ ایک طویل عرصہ سے مستقلی کامطالبہ کر رہے ہیں لیکن متعلقہ حکام کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت محکمہ میں بیشتر کام عارضی ملازمین انجام دیتے ہیں جس کے عوض اْنہیں قلیل مشاہرہ دیا جاتا ہے،تاہم سال2014 کے بعد انہیں ماہانہ مشاہراوں سے بھی محروم رکھا گیا۔مظاہرین نے کہا’’ صرف منظور نظر14عارضی ملازمین کو تنخواہیں ملتی ہیں اور دیگر ڈیلی ویجروں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اْن کے مسئلہ کو سنجیدگی کے ساتھ نہیں لیا تو وہ اہل خانہ کے ہمراہ سڑکوں پر نکل آئیں گے ۔مظاہرین نے کہا کہ سرکار کے پاس اْن کی مستقلی کے حوالے سے کوئی واضح حکمت عملی نہیں ہے جس کی بدولت وہ احتجاج پر ہیں۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی وہ اْن کے مطالبات جلد حل کرکے مزدو ر طبقہ کی پریشانی کو دور کرے۔