محکمہ سیاحت کی ٹیم حیدر آباد ٹورآپریٹروں تک پہنچ گئی

حیدر آباد//جموں وکشمیر سیاحت محکمہ گزشتہ دو دنوں سے یہاں مقامی ٹور ٹریول آپریٹروں کے ساتھ اِستفساری سیشن اور میٹنگیں منعقد کر رہا ہے۔ جموںوکشمیر محکمہ سیاحت کے اَفسران کی ایک ٹیم جس میں سی اِی او، راجوری ڈیولپمنٹ اَتھارٹی وویک پوری اور ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر احسان الحق چشتی یہاں ٹور آپریٹروں ، متوقع کلائنٹس، فم پروڈیوسر وں وغیرہ کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔اَفسران کی ٹیم جمعرات کو یہاں پہنچی اور توقع ہے کہ مزید دو دِن تک بات چیت جاری رہے گی ۔ کل ٹیم نے شہر کے مختلف مقامات پر ممکنہ گاہکوں کے ساتھ اِستفساری سیشن منعقد کئے۔ اُنہوں نے انہیں جموںوکشمیر میں سیاحت کے اُبھرتے ہوئے منظر نامے بالخصوص خزاں اور سرمائی موسم کے بارے میں جانکاری دی۔ میٹنگوں میں اَفسران نے ٹور ٹریول اِنڈسٹری کے نمائندوں کو کووِڈ۔19 پروٹوکول اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے جموںوکشمیر اِنتظامیہ سیاحتی شراکتوں کی تیاری کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ کووِڈ ۔19 کے پھیلنے کے فوراً بعد یوٹی اِنتظامیہ نے سیاحتی شراکتوں بشمول ٹیکسی آپریٹروں ، ہوٹلوں ، شکار والوں ، ٹورسٹ گائیڈز، پونی والوں وغیرہ کو فرنٹ لائن ورکر قرار دیا اور اَب تک تمام سیاحتی شراکتوں میں سے 95 فیصد ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ جموں و کشمیر میں دستیاب متنوع سیاحتی مصنوعات پر افسران نے بتایا کہ جموں و کشمیر کا گولفنگ سرکٹ جس میں مشہور رائل سپرنگس گالف کورس ، پہلگام گالف کورس ، گلمرگ گالف کورس اور کشمیر گالف کورس کے علاوہ جموں توی گالف کورس شامل ہیں۔افسران نے بتایا کہ ٹریکنگ اور رافٹنگ جیسی مہم جوئی کی سرگرمیوں نے ایڈونچر سے دلچسپی رکھنے والے سیاحوں میں تیزی پیدا کی ہے اور حکومت نے امسال سے دریافت کے لئے کئی اور ٹریک کھولے ہیں۔ میٹنگو ں کو بتایا گیاکہ گزشتہ سرمائی اورگرمائی موسم میں جنوبی ریاستوں کے پروڈکشن ہاؤسوں کی حوصلہ افزا تعدادنے جموں و کشمیر بالخصوص کشمیر کے مختلف مقامات پر اَپنی شوٹنگ کی۔ محکمہ کی جانب سے ملک کے تمام بڑے شہروں میں ایک بڑے پیمانے پر تشہیری مہم شروع کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ آنے والے تین مہینوں کے فیسٹول کیلنڈر بھی تیار کیا گیا ہے جس میں خزاں اور سردیوں کے مشہورفیسٹول بھی شامل ہیں۔اَفسران کی ٹیم یہاں قیام کے دوران حیدرآباد گالف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں ، ریاستی حکومت اور دیگر سیاحتی تجارتی اداروں کے افسران سے ملاقات کرے گی۔