جموں//جموں کشمیر سکولی تعلیم محکمہ نے پری پرائمری کے بچوں کیلئے سکول بیگ اور درسی کتابوں پر پابندی لگا دی ہے ۔ اس سلسلے میں سکولی تعلیم محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے جاری ایک حکمنامے کے مطابق سکولوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دوسری جماعت تک کے بچوں کو کوئی ہوم ورک نہ دیں ۔ محکمہ نے کہا ہے کہ نرسری ، ایل کے جی اور یو کے جی کے بچوں کیلئے کتابیں اور سکول بیگ لے جانا لازمی نہیں ہو گا تا ہم ان کلاسوں میں پڑھنے والے بچوں کو زیادہ سے زیادہ دو کاپیاں دی جا سکتی ہیں جو سکول میں رہیں گی ۔ سکولی تعلیم محکمہ کے ایکٹ کے رول میں ترمیم کی رو سے کوئی بھی سکول پہلی اور دوسری جماعت کے بچوں کو ہوم ورک نہیں دے گا ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تیسری سے پانچویں جماعت تک کے بچوں کو صرف لسانی مضامین ، انوائیرنمنٹل سائینس اور ریاضی کا مضمون پڑھایا جانا چاہیے ۔ چھٹی اور ساتویں جماعت کیلئے لسانیات ، سوشل سائینس ، ریاضی اور سائینس کے مضامین پڑھائے جانے چاہئیں یا وہی مضامین جو حکام کی طرف سے منظور کئے جائیں ۔ محکمہ نے سکولی بچوں کیلئے بیگ کا زیادہ سے زیادہ وزن بھی طے کیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پہلی اور دوسری جماعت کے بچوں کے سکول بیگ کا وزن زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ کلو ہونا چاہیے ۔ اسی طرح تیسری جماعت سے پانچویں جماعت ، چھٹی سے ساتویں اور آٹھویں سے وسویں جماعت تک کے بچوں کیلئے سکول بیگ کا وزن بالترتیب تین کلو ، چار کلو اور پانچ کلو اور ساڑھے پانچ کلو مقرر کیا گیا ہے ۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
محکمہ سکولی تعلیم کا حکمنامہ
