محکمہ سوشل فارسٹری کے عارضی ملازمین بھوک ہڑتال پر

راجوری //محکمہ سوشل فارسٹری راجوری میں کیجول لیبرکے طور پر کام کررہے ملازمین کی بھوک ہڑتال دوسرے روز میں داخل ہوگئی۔انہوںنے کہاہے کہ مطالبات پورے ہونے تک وہ ہڑتال جاری رکھیںگے ۔ انہوں نے بتایاکہ وہ محکمہ سوشل فارسٹری میں کیجول لیبرکے طور پر پچھلے کئی برسوںسے کام کررہے ہیں لیکن حکام نے انہیں نظرانداز کرتے ہوئے اثرورسوخ رکھنے والے افرادکومستقلی کی فہرستوں میں شامل کیاہے جوغریب اورتعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں تحقیقات کرکے مستحق افرادکوانصاف دلائے۔اس ہڑتال میں سماجی کارکن شرافت علی کھٹانہ نے بھی شمولیت کی ۔انہوںنے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان ملازمین کے ساتھ انصاف کیاجائے اور ان کو مستقل ملازمت دی جائے تاکہ ان کا مستقبل تباہ ہونے سے بچ سکے۔