محکمہ دیہی ترقی اورپی ایم جی ایس وائی کوقومی ایوارڈعطا

نئی دہلی //ریاست جموں کشمیر میں امید سکیم کی بہتر عمل آوری کے صلے میں دیہی ترقیات کی مرکزی وزارت نے ریاست جموں کشمیر کے محکمہ دیہی ترقیات اور پنچائتی راج کو ایوارڈ عطا کیا ہے ۔ امید سکیم کے تحت ریاست میں 270632 خواتین کو 29703 سیلف ہیلپ گروپوں میں شامل کرنے اور انہیں سٹیٹ رورل لائیولی ہُڈمشن کے تحت مختلف مالی اداروں کے ذریعے سرمایہ فراہم کیا گیا ۔ مرکزی وزارت نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ناصر نکاش کو ضلع میں گرام سوراج ابھیان کے تحت قابلِ فخر کارکردگی کے صلے میں بھی ایوارڈ عطا کیا ہے جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 7 قومی سکیموں کی کنورجنس کے تحت ابھیان کی کامیاب عمل آوری کو یقینی بنایا ۔ مشن ڈائریکٹر اُمید اے آر وار اور ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے وگیان بھون نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران متعلقہ محکمے کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ کے ہاتھوں یہ ایوارڈ حاصل کئے ۔ علاوہ ازیںریاست جموں کشمیر کو وزیر اعظم گرام سڑک یوجنا کی موثر عمل آوری کیلئے آج نئی دہلی میں دو قومی ایوارڈ عطا کئے گئے ۔ یہ ایوارڈ دیہی ترقیات و پنچائتی راج کی مرکزی وزارت کی طرف سے ریاست کو یوجنا کے تحت ملک میں دوسری سب سے لمبی سڑکیں تعمیر کرنے پر دئیے گئے جبکہ ریاست کو مذکورہ یوجنا کے تحت متعدد آبادیوں کو جوڑنے پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر دوسرا ایوارڈ دیا گیا ۔ ریاستی سرکار کی جانب سے تعمیراتِ عامہ کے کمشنر سیکرٹری خورشد احمد شاہ اور یوجنا کے چیف انجینئر جموں ست پال منہاس نے مرکزی وزیر نریندر سنگھ کے ہاتھوں یہ ایوارڈ حاصل کئے ۔