محکمہ خزانہ کی موبائل دوست ویب سائٹ شروع

 
 سرینگر//گورنراین این ووہرا نے محکمہ خزانہ کی موبائل دوست اپڈیٹیڈ ویب سائٹ کا آغاز کیا۔گورنر کے مشیر بی بی ویاس، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین چودھری، گو رنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولا اور محکمہ خزانہ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔نئی ویب سائٹ www.jakfinance.nic.in محکمہ خزانہ کے تمام شعبوں سے متعلق ایک ہی جگہ پر جانکاری فراہم کرے گی۔گورنر نے محکمہ خزانہ کے موبائل ایپ کی بھی شروعات کی جوhttp://www.jakfinance.nic.in/aa/jkfin پر ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے گورنر نے اِی گورننس کے ذریعے اخراجاتی نظامت میں معقولیت لانے کے لئے محکمہ خزانہ کی طرف سے کئے جارہے اقدامات کی سراہنا کی۔انہوں نے موثر مالی نظامت کے لئے اخراجاتی اصلاحات کو جدت بخشنے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ وسائل کو بھرپور انداز سے بروئے کار لایا جاسکے۔گورنر نے پرنسپل سیکرٹری خزانہ کو ہدایت دی کہ وہ ریاست کے تمام سرکاری محکموں اورملازمین کے لئے ایک آن لائین ڈاٹا بیس تیار کریں۔پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری نے گورنرکو نئی ویب سائٹ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویب سائٹ محکمہ کی آئی ٹی سیل نے قائم کی ہے اورا س میں مختلف موضوعات اور امور کے بارے میں ایک ہی بٹن پر تمام جانکاری دستیاب ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپ گریڈیڈ ویب سائٹ اِی پریذنٹیشن اور اِی کنٹنٹ ڈلیوری میں بہتری لانے اور معیار قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ پر انشورنس، ایکسائیز پالیسیوں، مینولز، آر ٹی آئی اور رقومات کی اتھورائزیشن اور ان کی واگذاری سے جڑی ہر طرح کی جانکاری میسر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ کو استعمال کرنے والوں کی سہولت کے لئے کئی الگ لنکس قائم کی گئی ہیں۔