محکمہ جنگلات کے ملازمین بھی کام چھوڑ ہڑتال پر

 
پونچھ//نان گزیٹیڈ فاریسٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے بینر تلے محکمہ جنگلات کے ملازم بھی پچھلے کچھ روز سے محکمہ کے ضلع صدر دفتر پونچھ میں کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں ۔واضح رہے کہ یہ ملازم ڈھائی یوم کی مزیدتنخواہ دینے اورتنخواہ میں تفاوت ختم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ہڑتال کی قیادت کرتے ہوئے ایم اے منہاس اور جرار حسین بانڈے نے بتایا کہ محکمہ بجلی، محکمہ پی ایچ ای، محکمہ صحت اور دیگر محکمہ جات کے ملازموں کو یہ سہولت عرصہ دراز سے دی جارہی ہیں لیکن نہ جانے کیوں محکمہ جنگلات کے ملازموں کے ساتھ کیوں نارواسلوک اختیار کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عرصہ تیس سال سے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن ان کی سننے والاکوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ کی جانب سے اس سلسلہ میں پہلے ہی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور سابقہ مخلوط سرکار نے بھی اس سلسلہ میں اقدام اٹھائے تھے لیکن گورنر انتظامیہ اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھاتی۔انہوں نے انتباہ دیا کہ وہ اپنی ڈھائی یوم کی تنخواہ اور دیگر مطالبات پورے ہونے تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے ۔