محکمہ جنگلات میں فاسٹ ٹریک بنیادوں پر بھرتی عمل کا مطالبہ

 سرینگر//محکمہ جنگلات کی مختلف اسامیوں کے لئے درخواستیں جمع کرنے والے امیداروں نے جمعرات کو پریس کالونی میں جمع ہوکر احتجاج درج کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فاسٹ ٹریک بنیادوں پر بھرتی کاعمل شروع کیا جائے۔ احتجاج میں شامل امیدواروں نے سرکار کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آنے والے دنوں میں ان کے مطالبے کو پورا نہیں کیا گیا تو امیدوار سری نگر میں جمع ہو کر تا مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ انہوںنے محکمہ جنگلات میں فارسٹر اور فارسٹ انسپکٹر کی اسامیوں کے لئے سال2004،2010 اور سال2013 میں درخواستیں جمع کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سال 2013 میں انکاایک ٹیسٹ بھی لیا گیا اور نصاب بھی فراہم کیا گیا تھا تاہم وہ متعلقہ محکمے اور سروس سلیکشن بورڈ کے دفتروں کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن انکی بات سننے کے بجائے انکی توہین کی جا رہی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ انہوں نے  عدالت میں کیس بھی درج کیا اور سال 2019 میں عدالت نے انکے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے محکمے کو ہدایت دی کہ وہ فاسٹ ٹریک بنیادوں پر ہماری بھرتی کا عمل شروع کرے۔ مگر محکمہ کوئی اقدام نہیں کر رہا ہے۔ احتجاجیوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا وہ انکی فریاد کو سن لیں۔