محکمہ جل شکتی کے عارضی ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال

رمیش کیسر

نوشہرہ // راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن میں محکمہ جل شکتی میں عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دینے والے ملازمین نے اپنے مطالبات کو لے کر 48گھنٹوں کی ہڑتال شروع کردی ہے ۔سب ڈویژن میں ہڑتال کے دوران مظاہرین نے اپنی مانگوں کے حق میں اور جموں وکشمیر انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عارضی ملازمین کئی دہائیوں سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن متعلقہ حکام کی جانب سے ان عارضی ملازمین کے مطالبات کو پورا کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ انتہائی محنت و لگن کیساتھ اپنی خدمات انجام دے کر دیہات میں پانی کی سپلائی کو یقینی بناتے ہیں لیکن جموں وکشمیر انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کی مانگیں پوری ہی نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دینے والے ملازمین کی مستقلی کیساتھ ساتھ دیگر مطالبات کو ترجیح بنیادوں پر پورا کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔