محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کی ہڑتال جاری

جموں//اپنی بقایا اجرتوں اور ملازمت مستقلی کے مطالبات کے حق میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین نے اپنے احتجاج کو جاری رکھتے ہوئے ریاستی انتظامیہ کیخلاف اور اپنی مانگوں کے حق میں نعرے بازی کی ۔جے اینڈکے کیجول لیبرز یو نین پاور ڈولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بینر تلے بدھ کے روز سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ بجلی کے نیڈبیسڈاور کیجول ملازمین نے محکمہ بجلی کے چیف انجینئر دفتر جموں کے سامنے ہاتھوں میں اینٹیں لے کر احتجاج کیا ۔یونین کے صدر اکھل شرما ن کی قیادت میں کئے جا رہے احتجاج کے دوران مظاہرین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایک لمبے عرصہ سے کئے جارہے احتجاج کے باوجود بھی ان کی مانگوں کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لیا جا رہاہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے اکھل شرما ن نے کہاکہ عارضی ملازمین بقایا اجرتوں کی ادائیگی اور مستقلی کے مطالبات کے حق میں گزشتہ کئی دنوں سے چیف انجینئر دفتر پی ڈی ڈی کے سامنے احتجا جی مظاہرہ کررہے لیکن ریاستی انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کو ئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔موصوف نے کہاکہ اگر صوبہ کشمیر میں ایس آر او 381لاگو کر کے 2012تک کے عارضی ملازمین کی ملازمت کو باقاعدہ بنایا گیا تو پھر جموں کے عارضی ملازمین کو کیوں مستقل نہیں کیا گیا؟۔انہوں نے کہا  جموں والوں کا یہ قصور ہے کہ ہم پر امن لوگ اور ملک کے آئین و قانون پر اعتماد کرتے ہیں ، بدقسمتی ہے کہ ہم جموں میں ہیں اگر کشمیر میں ہوتے تو کب کے مستقل ہو گئے ہوتے ۔ان عارضی ملازمین نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مطالبات پورے ہو نے تک چیف انجینئر دفتر کے سامنے دھرنے پر بیٹھے رہیں گے ۔