زاہدبشیر
گول // ضلع رام بن کی سب ڈویژن گول میں محکمہ بجلی کی ناقص کار کردگی پر لوگوں کی جانب سے متعلقہ محکمہ کے تئیں برہمی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گول میں بجلی کی غیر ضروری کٹوتی یہاں کا معمول بن چکا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ یہاں کی عوام کو بجلی کی معقول سپلائی بحال کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی آنکھ مچولی سے نہ صرف یہاں کا کاروباری طبقہ متاثر ہو رہا ہے بلکہ طلباء کی پڑھائی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ وہ وقت پر بجلی بلوں کی ادائیگی کرتے ہیں تاہم اس کے باوجود انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے متعلقہ محکمہ سے بجلی نظام کو درست کر کے معقول سپلائی کو یقینی بنانے کا پر زور دیا۔ تاکہ آنے والے وقت میں انہیں مزید دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وہیں محکمہ کا کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے کنگا کے جنگلات میں آگ لگنے کی وجہ سے جنگلات کے ساتھ ساتھ بجلی سپلائی لائن کو بھی کافی نقصان ہوا ہے۔